سعودی ولی عہد کی آمد، اسلام آباد کے بعد راولپنڈی میں بھی عام تعطیل کا اعلان

17 فروری 2019
ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں — فائل فوٹو/ اے ایف پی
ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں — فائل فوٹو/ اے ایف پی

اسلام آباد کے بعد راولپنڈی انتظامیہ نے بھی سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان آمد کے موقع پر پیر (18 فروری 2019) کو عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

ڈی سی راولپنڈی صائمہ یونس کی جانب سے جاری عام تعطیل کے نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیل کا اطلاق تحصیل راولپنڈی، سٹی، کینٹ اور صدر میں ہوگا۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میونسپل کارپوریشن، آر ڈی اے، واسا، ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو اور ہسپتالوں پر تعطیل کا اطلاق نہیں ہوگیا۔

مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد کی آمد، اسلام آباد میں پیر کو عام تعطیل کا اعلان

گزشتہ روز اسلام آباد انتظامیہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد پر وفاقی دارالحکومت میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔

ضلعی مجسٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں 18 فروری بروز پیر عام تعطیل ہو گی، تاہم اہم اداروں مثلاً ایم سی آئی، سی ڈی اے، آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن، آئی سی ٹی پولیس، آئی ای ایس سی او، ایس این جی پی ایل اور ہسپتالوں میں اس تعطیل کا اطلاق نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی آمد پر راستوں کی بندش کے باعث عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ 18 فروری کو اسکولز اور دفاتر بند رہیں گے۔

دوسری جانب چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے سعودی ولی عہد کی آمد پر 18 فروری کو سینٹ ملازمین کو چھٹی دے دی ہے۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی (ایوان زیریں) میں پیر کو ہونے والا اجلاس بھی ری شیڈول کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں ایک روز کی تاخیر

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق ایوان کا 18 فروری کی شام 4 بجے ہونے والا اجلاس اب 20 فروری کی شام 4 بجے ہو گا۔

خیال رہے کہ محمد بن سلمان کی آمد پر ریڈ زون مکمل طور پر سیل کر دیا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے قومی سیکرٹریٹ کے ملازمین کو بھی ممکنہ مشکلات کے پیش نظر پیر کی چھٹی دے دی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں