جب ایک خاتون نے روسی صدر کو چت کردیا

17 فروری 2019
روس کے صدر ولادی میر پیوٹن — اے پی فوٹو
روس کے صدر ولادی میر پیوٹن — اے پی فوٹو

روس کے صدر ولادی میر پیوٹن مارشل آرٹ میں بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔

درحقیقت 18 سال کی عمر میں انہوں نے جوڈو میں بلیک بیلٹ حاصل کی تھی اور اپنی یونیورسٹی میں جوڈو چیمپئن بھی رہے۔

اب 66 سال کی عمر میں بھی ریاستی مصروفیات کے باوجود اپنے شوق کو پورا کرنے کے لیے وقت نکالنا نہیں بھولتے۔

ویسے روسی صدر آئس ہاکی، باکسنگ اور ٹھنڈے پانی میں غوطے لگانے سے بھی نہیں چوکتے مگر گزشتہ دنوں ایک خاتون جوڈو کھلاڑی نے ولادی میر پیوٹن کو زمین چٹادی۔

روس کے شہر سوشی میں قومی جوڈو ٹیم کے تربیتی سیشن میں ولادی میر پیوٹن بھی شریک ہوئے اور اسپیئرنگ کا بھی حصہ بنے۔

جمعرات کو روس کی جانب سے 2016 کے ریو اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی نتالیہ کیوزیوٹینا نے روسی صدر کے ساتھ اسپیئرنگ کی۔

روس کے سرکاری چینیل آر ٹی نے یوٹیوب پر اس واقعے کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

فوٹیج کو اندازہ ہوتا ہے کہ خاتون کھلاڑی روسی صدر کے ساتھ زورآزمائی کے خیال سے کافی پرجوش تھیں اور انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر ٹریننگ سیشن کو 2 بار پوسٹ کرتے ہوئے لکھا 'اس اعزاز کے لیے شکریہ'۔

جوڈو ٹیم کے ساتھ تربیت کے بعد روسی صدر کے ترجمان نے اعتراف کیا کہ ولادی میر پیوٹن نے خود کو زخمی کرلیا تھا ' ایک موقع پر انہوں نے انگلی پر کٹ لگوا لیا یا خراش پڑگئی، مگر یہ معمول کی بات ہے، درحقیقت یہ کوئی انجری نہیں، کھیل آخر کھیل ہوتا ہے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں