جدہ سیلاب:محمد بن سلمان کی 14 جانیں بچانے والےپاکستانی کے نام پر صحت مرکز کےقیام کی ہدایت

اپ ڈیٹ 18 فروری 2019
فرمان علی خان کے والد عمر رحمٰن اپنے بیٹے کی قربانی کے بعد ملنے والا 'کنگ عبدالعزیز میڈل دکھا رہے ہیں — فوٹو: بشکریہ عرب نیوز
فرمان علی خان کے والد عمر رحمٰن اپنے بیٹے کی قربانی کے بعد ملنے والا 'کنگ عبدالعزیز میڈل دکھا رہے ہیں — فوٹو: بشکریہ عرب نیوز

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 2009 میں جدہ میں آنے والے سیلاب میں 14 افراد کی جانیں بچانے والے پاکستانی ہیرو کے آبائی علاقے میں 'صحت مرکز' قائم کرنے کی ہدایت کردی۔

عرب نیوز کی رپورٹ میں سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ ہیلتھ سینٹر، خیبر پختونخوا میں شہید فرمان علی خان کے آبائی علاقے میں قائم کیا جائے گا۔

سعودی ولی عہد نے صحت مرکز قائم کرنے کے ہدایت اپنے دورہ پاکستان کے دوران دی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ نومبر 2009 میں سیلاب کے دوران فرمان علی خان نے اپنی کمر میں رسی باندھ کر لوگوں کی جان بچانے کے لیے سیلابی پانی میں چھلانگ لگادی تھی۔

انہوں نے 14 افراد کی جانیں بچائی اور پندھرویں شخص کی جان بچاتے ہوئے وہ سیلابی پانی میں ڈوب گئے تھے۔

ان کی اس قربانی پر سعودی حکومت کی جانب سے 'کِنگ عبدالعزیز میڈل' سے نوازا گیا تھا، جبکہ اس وقت کے پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے انہیں بہادری کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ 'تمغہ شجاعت' سے نوازا تھا۔

رپورٹ میں جدہ میں اکاؤنٹ ایگزیکٹو رانیہ خالد کے حوالے سے کہا گیا کہ 'فرمان علی خان نے بہادری کا غیر معمولی مظاہرہ کیا۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'وہ ایک لمحے کے لیے بھی یہ سوچنے کے لیے نہیں رُکے کہ جن کی وہ جانیں بچا رہے ہیں وہ کہاں سے آئے ہیں یا ان کی قومیت کیا ہے، انہیں صرف اس بات کی پرواہ تھی کہ ہر کسی کو خوفناک سیلاب سے بچایا جائے جس کے نتیجے میں انہوں نے اپنی جان قربان کردی۔'

انہوں نے کہا کہ 'فرمان علی خان نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے صرف انسانیت کی فکر کی۔'

جدہ میں ایک سڑک بھی فرمان علی خان کے نام سے منسوب کی گئی ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ فرمان علی خان کی بیٹیوں زبیدہ، مدیحہ اور جویریہ نے کہا کہ ان کے والد ان کی یادوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

سوات سے نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ان کے والد ایک زندہ دل انسان تھے اور ہر وقت دوسروں کی مدد کو تیار رہتے تھے۔'

سعودی وزیر خارجہ کے سینئر مشیر شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ٹویٹر پر محمد بن سلمان کی اس ہدایت کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ 'فرمان علی خان ایک سچے ہیرو تھے اور ان کی قربانی پاک ۔ سعودیہ برادرانہ تعلقات کا قیمتی نگینہ ہے۔'

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، پاکستان کے دو روزہ کامیاب دورے کے بعد روانہ ہوگئے تھے۔

اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پر وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزرا سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے سعودی ولی عہد کو الوداع کیا۔

پاکستان سے واپسی کے موقع پر سعودی ولی عہد کافی خوشگوار انداز میں نظر آئے اور عمران خان نے انہیں گلے لگا کر رخصت کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں