’شان پاکستان‘ میں بھارتی فنکاروں کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ

19 فروری 2019
ہما ناصر نے ایونٹ میں بھارتی فنکاروں کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ —فوٹو/ اسکرین شاٹ
ہما ناصر نے ایونٹ میں بھارتی فنکاروں کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستانی میوزیکل ایونٹ شان پاکستان ہر سال پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے، جس میں پاکستان سمیت بھارت سے تعلق رکھنے والے فنکار بھی شرکت کرتے ہیں۔

تاہم اس سال اس ایونٹ میں بھارتی فنکاروں کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شان پاکستان پروجیکٹ کا آغاز کرنے والی ہما ناصر نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ’ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس سال اس ایونٹ میں بھارتی فنکاروں کو شرکت کرنے کی دعوت نہیں دی جائے گی‘۔

مزید پڑھیں: 'جاوید اختر اور شبانہ اعظمیٰ کو مدعو کرنے کے فیصلے پر پچھتاوا ہے'

ہما کا کہنا تھا کہ ’اس وقت پاکستان اور بھارت پر اس طرح کے ایونٹ کی میزبانی کرنا مشکل ہے، سیاسی کشیدگی کے باعث سلمان خان کی آنے والی فلم نوٹ بک میں عاطف اسلم ایک گانا گانے والے تھے تاہم اب ایسا نہیں ہونے جارہا، اس لیے موجودہ صورتحال کو دیکھا جائے تو شان پاکستان میں بھارتی فنکاروں کو مدعو نہ کرنا ہی بہتر فیصلہ ہے‘۔

کیا مستقبل میں بھارتی فنکاروں کو اس ایونٹ میں مدعو کیا جائے گا؟ اس سوال پر ہما کا کہنا تھا کہ ’امید تو ہے لیکن اس بار نہیں‘۔

چند روز قبل ہما ناصر نے اعلان کیا تھا کہ اس ایونٹ میں بھارتی فنکار ہرش دیپ کور، ریکھا بھردواج اور وشال بھردواج شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ رواں سال دو روزہ ایونٹ شان پاکستان لاہور میں 21 اور 22 مارچ کو منعقد ہوگا۔

دو روزہ ایونٹ میں میوزک کنسرٹ، انٹرویوز اور سیشنز منعقد کیے جائیں گے، جبکہ پاکستانی فنکار شفقت امانت علی، صنم ماروی، امانت علی اور جاوید بشیر پرفارم کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں