’اپنے پہلے ہیرو کے ساتھ تعلقات نہ بڑھاؤ‘

19 فروری 2019
بولی وڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ کو سوتیلی والدہ نے اہم مشورہ دے دیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
بولی وڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ کو سوتیلی والدہ نے اہم مشورہ دے دیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سارہ علی خان نے گزشتہ سال اپنی فلموں ’کیدرناتھ’ اور ’سمبا‘ میں کام سے سب کو بےحد متاثر کیا تھا، تاہم سب سے زیادہ توجہ اداکارہ نے بھارتی شو کافی ود کرن میں دیے انٹرویو کے بعد حاصل کی۔

اس انٹرویو میں سارہ علی خان نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں اداکار کارتک آرین بےحد پسند ہیں اور وہ ان کے ساتھ ڈیٹ پر جانے کی خواہش مند ہیں۔

اس انٹرویو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کارتک آرین سے بھی اس حوالے سے سوالات کیے گئے، جس کے بعد انہوں نے سارہ کے ساتھ کافی پینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس کے بعد ان دونوں کے افیئر کو لے کر کئی رپورٹس سامنے آئیں، تاہم کارتک آرین نے کافی ود کرن شو پر اعلان کیا کہ وہ ابھی سارہ کے والد سیف علی خان کی شرط پوری کرنے کی کوشش کرتے ہوئے زیادہ پیسے کمانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ وہ سارہ کو باہر لے جاسکیں۔

تاہم اب ایسی رپورٹس سامنے آرہی ہیں کہ اداکارہ سارہ علی خان کارتک آرین کے ساتھ نہیں بلکہ اپنے پہلے ساتھی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ تعلقات استوار کررہی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سارہ اور سشانت ایک ساتھ متعدد ایونٹس میں نظر آئے، جبکہ سارہ نے سشانت کی سالگرہ بھی ان کے ساتھ ان کے گھر میں منائی۔

مزید پڑھیں: ’سارہ کو ڈیٹ پر لے جانے کیلئے سیف کی شرط پوری کرنے کی کوشش کررہا ہوں‘

دونوں اداکاروں نے تو تاحال اپنے افیئر کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، البتہ سارہ علی خان کی سوتیلی ماں اداکارہ کرینہ کپور خان نے ایک انٹرویو کے دوران سارہ اور سشانت کے تعلقات کا انکشاف کردیا۔

ایک شو میں کرینہ کپور خان اپنی قریبی دوست امریتا اروڑا کے ہمراہ شریک ہوئیں، جس کے بعد امریتا نے کرینہ سے چند سوالات پوچھے۔

اس دوران امریتا نے کرینہ سے سارہ کو ایک مشورہ دینے کو کہا۔

جس پر کرینہ کا کہنا تھا کہ ’اپنے پہلے ہیرو کے ساتھ تعلقات نہ بڑھاؤ‘۔

یاد رہے کہ سارہ علی خان نے گزشتہ سال فلم ’کیدرناتھ‘ کے ساتھ بولی وڈ میں قدم رکھا، جس میں سشانت سنگھ راجپوت نے سارہ کے ساتھ کام کیا۔

اس فلم میں سارہ کی کارکردگی کو بےحد سراہا گیا، جبکہ فلم باکس آفس پر بھی اچھی کمائی کرنے میں کامیاب ہوئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

نعمان احمد Feb 20, 2019 09:39am
wo kuch bhi karain humain is se kya