سام سنگ گلیکسی ایس 10 پہلے سے بالکل مختلف ہوگا

اپ ڈیٹ 20 فروری 2019
سام سنگ ایونٹ کا دعوت نامہ — فوٹو بشکریہ سام سنگ
سام سنگ ایونٹ کا دعوت نامہ — فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ کی گلیکسی ایس سیریز کے 10 سال مکمل ہونے پر نیا فون بدھ (20 فروری) کو متعارف کرایا جارہا ہے اور یہ کمپنی کی تاریخ کی اہم ترین ڈیوائس ثابت ہونے والی ہے۔

ویسے اگر فون لیک کا کوئی عالمی ریکارڈ ہو تو گلیکسی ایس 10 کو یقیناً یہ مل سکتا ہے جس کے بارے میں لگ بھگ سب کچھ ہی سامنے آچکا ہے۔

یہاں تک کہ ناروے میں تو گلیکسی ایس 10 کا آفیشل اشتہار بھی غلطی سے کمرشل ٹی وی پر نشر ہوگیا۔

ایسا لگتا ہے کہ اب کمپنیوں کو اپنے فلیگ شپ فونز کے فیچرز چھپانے میں کوئی دلچسپی نہیں رہی اور سام سنگ بھی ان میں سے ایک ہے۔

تو یہ فونز ایسے ہوسکتے ہیں۔

ایس 10 اور ایس 10 پلس

ممکنہ گلیکسی ایس 10 پلس — فوٹو بشکریہ ایون بلاس ٹوئٹر اکاؤنٹ
ممکنہ گلیکسی ایس 10 پلس — فوٹو بشکریہ ایون بلاس ٹوئٹر اکاؤنٹ

سام سنگ کئی برسوں سے ایس سیریز کو 2 فونز میں متعارف کرارہی ہے ایک ریگولر اور دوسرا بڑے سائز کا فون، یعنی ایس 10 اور ایس 10 پلس۔

ایس 10 میں 6.1 انچ جبکہ ایس 10 پلس 6.3 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہوگا جس میں سیلفی کیمرے کے لیے انفٹنی او ہول دیا جائے گا۔

ایس 10 میں سنگل جبکہ ایس 10 پلس میں ڈوئل سیلفی کیمرا سیٹ اپ ہوگا جبکہ دونوں فونز میں امولیڈ گوریلا گلاس 6 پینل دیا جائے گا جو کیو ایچ ڈی پلس ریزولوشن سے لیس ہوگا۔

ڈیزائن کے لحاظ سے یہ گزشتہ سال کے ایس 9 سے ملتے جلتے ہیں مگر بیزل کو پہلے کے مقابلے میں کم کردیا گیا ہے جبکہ بیکسبی بٹن، یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ اور ہیڈ فون جیک بھی اپنی جگہ موجود ہیں۔

اور ہاں یہ سام سنگ کے پہلے فونز ہیں جن میں فنگرپرنٹ سنسر ڈسپلے کے اندر دیا جارہا ہے جبکہ بیک پر 3 کیمروں پر مشتمل سیٹ اپ دیا جائے گا جن میں سے ایک 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس، دوسرا 12 میگا پکسل وائیڈ لینس اور تیسرا 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ لینس دیئے جانے کا امکان ہے۔

ان فونز میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر یا سام سنگ کا اپنا ایکسینوس 9280 پراسیسر دیا جائے گا جبکہ ایس 10 میں سکس جی بی ریم سے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی سے 512 جی بی اسٹوریج کے ورژن ہوں گے۔

ایس 10 پلس میں 6 سے 12 جی بی ریم اور 128 جی بی سے ایک ٹی بی اسٹوریج کے ورژن ہوں گے یعنی یہ دنیا کا پہلا ایک ٹی بی اسٹوریج والا فون بھی ہوگا جس کے ساتھ 12 جی بی ریم موجود ہوگی۔

ایس 10 میں 3100 ایم اے ایچ بیٹری جبکہ ایس 10 پلس میں 4100 ایم اے ایچ بیٹری ہوسکتی ہے۔

ان فونز میں ریورس وائرلیس چارجنگ کا فیچر بھی ہوگا جس سے کسی اور ڈیوائس کو چارج کرنا ممکن ہوگا۔

ایس 10 ای

ممکنہ گلیکسی ایس 10 ای —فوٹو بشکریہ ایون بلاس ٹوئٹر اکاؤنٹ
ممکنہ گلیکسی ایس 10 ای —فوٹو بشکریہ ایون بلاس ٹوئٹر اکاؤنٹ

دونوں فونز کے ساتھ ایک سستا ایس 10 ای بھی متعارف کرایا جائے گا جس میں 5.8 انچ ڈسپلے دیا جائے گا جبکہ ہول پنچ سیلفی کیمرا موجود ہوگا۔

تاہم اس میں فنگرپرنٹ سنسر سائیڈ پر دیا گیا ہے جبکہ بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے۔

اس فون میں اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر کے ساتھ 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے جائیں گے۔

گلیکسی ایس 10 ایکس

گلیکسی ایس 10 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس
گلیکسی ایس 10 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس

ایسی افواہیں موجود ہیں کہ سام سنگ کی جانب سے اپنا پہلا فائیو جی فون ایکس 10 ایکس بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے جس میں بیشتر فیچرز ایس 10 پلس جیسے ہی ہوں گے۔

تاہم اس میں 6.7 انچ کا انفٹنی او ڈسپلے دیا جاسکتا ہے جبکہ بیک پر 4 اور فرنٹ پر 6 کیمرے ہوں گے۔

5000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ اس میں کم از کم اسٹوریج 256 جی بی ہوگی۔

اور یہ اس کمپنی کا سب سے مہنگا فون بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں