’کوئی چاند رکھ‘ کی کامیابی کے بعد منیب اور عائزہ کا ایک اور ڈرامہ

20 فروری 2019
عائزہ اور منیب ’کوئی چاند رکھ‘ نامی ڈرامے میں بھی کام کرچکے ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ
عائزہ اور منیب ’کوئی چاند رکھ‘ نامی ڈرامے میں بھی کام کرچکے ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستانی اداکار منیب بٹ اور اداکارہ عائزہ خان بہت جلد ایک ساتھ ایک اور نئے ڈرامے میں کام کرتے نظر آئیں گے۔

’ہم کے ٹھہرے اجنبی‘ نامی یہ ڈرامہ رومانوی کہانی پر مبنی ہوگا۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے اداکار منیب بٹ نے بتایا کہ اس ڈرامے میں ان کے اور عائزہ خان کے علاوہ مومل شیخ اور جنید خان بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔

منیب بٹ کا کہنا تھا کہ ’اس ڈرامے میں محمود اسلم، شگفتہ اعجاز، مومل شیخ اور جنید خان بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے، جبکہ ڈرامے کی ہدایات سید وجاہت حسین دے رہے ہیں‘۔

ڈرامے میں منیب بٹ کے کردار کا نام عمیر ہوگا، جبکہ عائزہ خان کے کردار کا نام زوبی رکھا گیا ہے۔

منیب بٹ نے مزید بتایا کہ ’ڈرامے میں مومل اور عائزہ بہنوں کا کردار نبھارہی ہیں، جنید کی شادی مومل سے ہوچکی ہوگی، جبکہ میں عائزہ کے کردار سے محبت کرتا ہوں، تاہم ایک غلط فہمی کی وجہ سے جنید اور مومل کا نکاح ٹوٹ جائے گا اور اس کا الزام مجھ پر لگایا جائے گا، یہ ڈرامہ رومانوی کہانی پر تو مبنی ہے تاہم ساتھ ساتھ اور بہت سے پہلوؤ پیش کیے جائیں گے‘۔

’ہم کے ٹھہرے اجنبی‘ کی ریلیز تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا، تاہم اسے جیو ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اے آر وائے کے کامیاب ڈرامے ’کوئی چاند رکھ‘ میں بھی منیب بٹ اور عائزہ خان اہم کردار نبھاچکے ہیں۔

یہ ڈرامہ مداحوں نے بےحد پسند کیا، جبکہ عائزہ اور منیب کی جوڑی کو خوب سراہا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں