وفاقی وزیر اطلاعات 'اظہار یکجہتی' کیلئے پی ٹی وی ایمپلائز یونین کے احتجاج میں شامل

فواد چوہدری نے سوال کیا کہ ایم ڈی پی ٹی وی کو اتنا غصہ کس بات کا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری نے سوال کیا کہ ایم ڈی پی ٹی وی کو اتنا غصہ کس بات کا ہے — فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) ایمپلائز یونین کی جانب سے ادارے کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کے خلاف جاری احتجاج کے دوران صورت حال اس وقت دلچسپ ہوگئی جب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری ملازمین سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج میں شامل ہوگئے۔

احتجاج کے دوران وزیر اطلاعات کی آمد پر مظاہرین نے گو ایم ڈی گو کے نعرے لگ گئے، اس موقع پر وفاقی وزیر فواد چوہدری ایم ڈی پی ٹی وی کی مخالفت میں احتجاج کرنے والے مظاہرین کے ساتھ کھڑے ہوئے اور اپنی ہی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

مزید پڑھیں: حکومت کا پی ٹی وی کو بند کرنے کا عندیہ

فواد چوہدری نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی کے مسائل کا ہمیں بخوبی علم ہے، وزیراعظم ہاؤس میں کچھ غیر منتخب لوگ بیٹھے ہیں، جنھیں سیاست کا علم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کا مسائلہ یہ ہے کہ انتظامیہ نے اپنی تنخواہیں 25، 25 لاکھ کرلیں ہیں، میں نے ایم ڈی کو ان کی کارکردگی پر خط بھی لکھا تھا اور انہوں نے ساتھ ہی سوال کیا کہ ایم ڈی پی ٹی وی کو اتنا غصہ کس بات کا ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پی ٹی وی کے ملازمین اور پینشنرز مارے مارے پھر رہے ہیں، اگر اوپر کی انتطامیہ اپنی اتنی تخواہیں مقرر کرلے گی تو نیچے نفرت پیدا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی وی نے غلطی پر معذرت کرلی

خیال رہے کہ پی ٹی وی ایمپلائز یونین گزشتہ 2 ماہ سے میڈیکل الاؤنس کی بندش کے خلاف احتجاج کررہی ہیں جبکہ ملازمین نے 2 ہفتے سے پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز کے باہر دھرنا دیا ہوا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں