وزیراعظم کا منی لانڈرنگ کو خطرناک ترین جرم بنانے کا عندیہ

اپ ڈیٹ 21 فروری 2019
وزیراعظم عمران خان نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کے لیے نظر ثانی سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی — فوٹو: ڈان اخبار
وزیراعظم عمران خان نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کے لیے نظر ثانی سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی — فوٹو: ڈان اخبار

اسلام آباد: منی لانڈرنگ کو قومی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک بتاتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے اسے قابل سزا جرم قرار دینے پر زور دیا ہے تاکہ اس جرم میں ملوث افراد آسانی سے چھوٹ نہ سکیں۔

منی لانڈرنگ کی روک تھام پر اقدامات پر نظر ثانی کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اس فعل میں ملوث افراد کے لیے نرمی ہرگز نہیں ہونی چاہیے، عوامی فنڈز میں بدعنوانی کرنے اور رقم کو بیرون ممالک اپنے ذاتی استعمال میں لانے سے نہ صرف ملک کو مالی بحران کا سامنا ہے بلکہ قوم پر پہاڑ جیسے قرضوں کے بوجھ میں بھی اضافہ ہوا‘۔

مزید پڑھیں: پاکستان بدستور منی لانڈرنگ، دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنے والے ممالک میں شامل

قبل ازیں اجلاس میں سیکریٹری داخلہ نے وزیر اعظم کو منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے انتطامی اور قانونی اقدامات کے حوالے سے بتایا تھا۔

اس اجلاس میں وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر، انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹننٹ جنرل سید عاصم منیر احمد شاہ، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو، ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس، ہوم سیکریٹریز اور دیگر سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔

دریں اثنا خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے وزیر اعظم سے ملاقات کی جس میں ترقیاتی امور زیر بحث آئے۔

بعد ازاں عمران خان نے سعیدہ وارثی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیر اعظم کی قیادت اور ان کے نظریے کو خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع

وزیر اعظم نے ملاقات میں بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے مظالم کے ساتھ ساتھ بھارتی حکومت کی جانب سے پیدا کیے گئے جنگی جنون کی نشاندہی کی۔

یو این ڈی پی کی نگراں نمائندہ اگناسیو ارتازا نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں انہوں نے نوجوانوں کو آئندہ 5 سالوں میں با اختیار بنانے اور ان کی مدد کرنے کے حوالے سے منصوبے کے حوالے سے بتایا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا بجٹ 3 کروڑ ڈالر ہے جس میں سے 80 لاکھ ڈالر ناروے، جاپان اور امریکا نے دینے کا وعدہ کیا ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 21 فروری 2019 کو شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں