اسرائیل: نیتن یاہو کے 2 اہم مخالفین کا انتخابات سے قبل اتحاد کا اعلان

اپ ڈیٹ 21 فروری 2019
اسرائیل میں 9 اپریل کو عام انتخابات ہوں گے— فائل فوٹو
اسرائیل میں 9 اپریل کو عام انتخابات ہوں گے— فائل فوٹو

اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے 2 اہم مخالفین نے اپریل میں ہونے والے انتخابات میں انہیں شکست دینے کی کوشش کے تحت انتخابی اتحاد کا اعلان کیا ہے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اسرائیلی فوج کے سابق چیف آف اسٹاف بینی گینٹز اور سیاست دان یائرر لاپد نے جاری کیے گئے بیانات میں کہا کہ وہ 9 اپریل کو ہونے والے انتخابات کے لیے مشترکہ فہرست بنارہے ہیں اور اگر وہ جیت گئے تو باری باری وزیراعظم بنیں گے‘۔

بینی گانتز نے حال ہی میں اسرائیل ریزیلین پارٹی تشکیل دی ہے جبکہ یائر لاپد، یش عتید جماعت کی سربراہی کررہے ہیں جو پارلیمنٹ کی 120 نشستوں میں سے 11 نشستوں پر موجود ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیل میں قبل از وقت انتخابات کا اعلان

رائے عامہ کے مطابق یہ دونوں افراد اپریل میں ہونے والے انتخابات میں نیتن یاہو کے اہم حریف ہیں۔

ان کے بیانات کے مطابق سابق وزیر دفاع موشے یالون نے اسرائیل ریزیلنس میں شمولیت اختیار کی تھی جبکہ ایک اور سابق ملٹری چیف آف اسٹاف گابی اشکینازئی نئے اتحاد میں شمولیت اختیار کریں گے۔

یش عتید جماعت کے بیان کے مطابق ’ قومی ذمہ داری کے تحت بینی گانتز، یائر لاپد اور موشے یالون نے ایک مشترکہ فہرست بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو اسرائیل کی نئی حکومتی جماعت کے طور پر خدمات سرانجام دیں گی‘۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ یہ جماعت ایک نئی قیادت کی ٹیم کو سامنے لے کر آئے گی جو اسرائیل کی حفاظت کی ضمانت دے گی اور اسرائیلی معاشرے کے تقسیم شدہ عناصر کو دوبارہ متحد کرے گی‘۔

یہ بھی پڑھیں: فلسطینی بچوں پر اسرائیل کے مہلک ہتھیاروں کے تجربات کا انکشاف

خیال رہے کہ بینجمن نیتن یاہو تقریبا 13 برس سے اسرائیل کے وزیراعظم ہیں اور اس وقت اسرائیل کی تاریخ میں دائیں بازو کی حکومت کی قیادت کررہے ہیں۔

اسرائیلی قانون کے مطابق انتخابات نومبر 2019 میں ہونے تھے لیکن نیتن یاہو نے گزشتہ برس دسمبر میں ملک میں قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا تھا جو رواں برس اپریل میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی تاریخ میں آخری مرتبہ 1988 میں حکومت نے مدت پوری کی تھی جس کے بعد سے حکومتی اتحاد کے بحران اور اقتصادی اقدامات کے تحت قبل از وقت انتخابات کروالیے جاتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں