لیڈی گاگا نے 90 دن بعد منگنی ختم کرلی

21 فروری 2019
گلوکارہ کو منگنی میں 5 کروڑ مالیت کی انگوٹھی دی گئی تھی—فوٹو: دی انڈیپینڈنٹ
گلوکارہ کو منگنی میں 5 کروڑ مالیت کی انگوٹھی دی گئی تھی—فوٹو: دی انڈیپینڈنٹ

امریکی پاپ گلوکارہ و اداکارہ 32 سالہ لیڈی گاگا یوں تو ہر وقت خبروں میں رہتی ہیں، تاہم ان کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ انہوں نے اپنی منگنی ختم کرلی۔

لیڈی گاگا نے 19 اکتوبر 2018 کو خود سے 17 سال بڑے اور ٹیلنٹ ایجنٹ 49 سالہ کرسٹیئن کرنیو سے خاموشی سے منگنی کرلی تھی۔

اگرچہ ان دونوں کی مگنی کی خبریں بھی کئی ماہ سے گردش میں رہیں تاہم اکتوبر میں گلوکارہ نے پہلی بار خود اعتراف کیا کہ انہوں نے کرسٹیئن کرنیو سے منگنی کرلی ہے۔

لیڈی گاگا نے ایک ایوارڈ تقریب میں کرسٹیئن کرنیو سے منگنی کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا اور انہیں بہترین شخص بھی قرار دیا تھا۔

خبریں تھیں کہ کرسٹیئن کرنیو نے لیڈی گاگا کو منگنی پر تقریبا پاکستانی 5 کروڑ روپے مالیت کی نایاب انگوٹھی دی تھی۔

لیڈی گاگا کو منگنی میں ملنے والی انگوٹھی کے کئی دن تک امریکی و برطانوی میڈیا میں چرچے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: لیڈی گاگا نے خود سے 17 سال بڑے شخص سے منگنی کرلی

اگرچہ ان کی منگنی کو ابھی 4 ماہ بھی نہیں گزرے تھے کہ ان کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آنے لگی تھیں۔

لیڈی گاگا اور کرسٹیئن کرینو نے اکتوبر 2018 میں منگنی کی تھی—فوٹو: کوپٹلین بوٹ
لیڈی گاگا اور کرسٹیئن کرینو نے اکتوبر 2018 میں منگنی کی تھی—فوٹو: کوپٹلین بوٹ

ان دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں اس وقت سامنے آئیں جب حال ہی میں لیڈی گاگا کو ’گریمی ایوارڈ‘ تقریب میں منگیتر کے بغیر دیکھا گیا تھا۔

لیڈی گاگا کو اس تقریب میں نہ صرف تنہا دیکھا گیا تھا بلکہ ان کی انگلی میں منگنی کی انگوٹھی بھی موجود نہیں تھی، جس کے بعد یہ چہ مگوئیاں ہونے لگیں کہ گلوکارہ نے اپنی منگنی ختم کرلی۔

کچھ دن تک چہ مگوئیوں کے بعد اب لیڈی گاگا کی منگنی ختم ہونے کی تصدیق ہوگئی۔

پیپلز میگزین نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ لیڈی گاگا کے ترجمان نے منگنی ختم کرنے کی تصدیق کردی۔

گلوکارہ کو منگنی کے کچھ دن بعد ہی منگیتر کے بغیر دیکھا گیا—فوٹو: برکشائر ایگل
گلوکارہ کو منگنی کے کچھ دن بعد ہی منگیتر کے بغیر دیکھا گیا—فوٹو: برکشائر ایگل

رپورٹ کے مطابق لیڈی گاگا اور کرسٹیئن کرینو نے مشترکہ طور پر رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور اب دونوں کے درمیان کوئی بھی تعلق نہیں۔

رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ رشتہ ختم کرنے کی وجہ کیا تھی، تاہم ان کی مگنی ختم ہونے کی تصدیق کردی۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ لیڈی گاگا نے شادی کیے بغیر ہی منگنی ختم کی ہے، اس سے قبل بھی انہوں نے منگنی ختم کی تھی۔ کرسٹیئن کرینو سے قبل لیڈی گاگا کے تعلقات اداکار و گلوکار 37 سالہ ٹیلر کنی کے ساتھ تھے۔

ان دونوں کے درمیان 2011 میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں فروری 2015 میں منگنی بھی کرلی تھی اور جلد شادی کا اردہ بھی کیا تھا۔

تاہم دونوں نے جولائی 2016 میں منگنی ختم کردی تھی۔

گلوکارہ نے پہلی منگنی بھی 2016 میں ختم کی تھی—فوٹو: این وائے ڈیلی نیوز
گلوکارہ نے پہلی منگنی بھی 2016 میں ختم کی تھی—فوٹو: این وائے ڈیلی نیوز

لیڈی گاگا اور گلوکار ٹیلر کنی کے درمیان تعلقات ایسے وقت میں استوار ہوئے تھے جب کہ گلوکارہ نے پہلی بار انکشاف کیا تھا کہ انہیں کم عمری میں ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: متنازع لباس پہن کر گلوکاری کرنے والی لیڈی گاگا

لیڈی گاگا نے 2014 میں ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ 19 برس کی عمر میں ان کا ریپ کیا گیا جس وجہ سے ذہنی مسائل کا شکار ہوگئی تھیں۔

لیڈیا گاگا کا کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹرز اہل خانہ اور دوستوں کے تعاون سے ذہنی مسائل کا مقابلہ کرنے کے اہل ہوئیں۔

واضح رہے کہ لیڈی گاگا نے اگرچہ انتہائی کم عمری اور اسکول کے زمانے سے گلوکاری اور ڈانس کی شروعات کی، تاہم انہوں نے پروفیشنل کیریئر کی شروعات 2007 سے کی اور اگلے ہی سال 2008 میں انہوں نے پہلا ایلبم ‘دی فیم’ ریلیز کیا۔

یوں دیکھتے ہی دیکھتے لیڈی گاگا نے موسیقی کی دنیا میں اپنا نام پیدا کیا۔

ان کا اصل نام اسٹیفنی جوئین اینجلینا جرمانوٹا ہے، تاہم انہوں نے بعد ازاں اپنا نام لیڈی گاگا رکھا اور بتدریج موسیقی کی دنیا میں کامیابی کی سیڑھیاں چڑھتی گئیں۔

لیڈی گاگا کو اپنے میوزک کنسرٹ کے دوران اور ویڈیوز میں متنازع لباس پہن کر پرفارمنس کرنے سمیت تشدد پر ابھارنے والے مناظر کی عکاسی کرنے کی وجہ سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

لیڈی گاگا کو چند ہفتوں سے منگنی کی انگوٹھی کے بغیر دیکھا جا رہا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
لیڈی گاگا کو چند ہفتوں سے منگنی کی انگوٹھی کے بغیر دیکھا جا رہا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں