احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین کی طبعیت ناساز، ہسپتال منتقل

اپ ڈیٹ 21 فروری 2019
احتساب عدالت میں دوران سماعت  ڈاکٹر عاصم حسین کی طبعیت ناساز ہوگئی — فائل فوٹو/ اے ایف پی
احتساب عدالت میں دوران سماعت ڈاکٹر عاصم حسین کی طبعیت ناساز ہوگئی — فائل فوٹو/ اے ایف پی

کراچی کی احتساب عدالت نے بدعنوانی سے متعلق دائر ریفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کی بیرون ملک علاج کے لیے جانے کی درخواست منظور کرلی۔

کراچی کی احتساب عدالت میں پی پی پی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف 462 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

مزید پڑھیں: اربوں روپے کی کرپشن کے ملزم ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک جانے کی اجازت

اس موقع پر عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کی علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 24 فروری سے 28 مارچ تک علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

اس کے بعد عدالت نے بدعنوانی سے متعلق ریفرنس کی سماعت 5 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی۔

عدالت میں سماعت کے بعد ڈاکٹر عاصم حسین کی طبعیت اچانک خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں عدالت میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئیں۔

بعد ازاں میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین کو نجی ہسپتال کی ایمبولینس میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اس سے قبل 2 اکتوبر 2018 کو کراچی کی احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کو علاج کے لیے بیرونِ ملک جانے کی اجازت دی تھی۔

یاد رہے کہ رینجرز نے ڈاکٹر عاصم حسین کو اگست 2015 میں گرفتار کیا تھا اور دہشت گردی سے متعلق جرائم میں مبینہ کردار کے باعث انہیں 90 روز تک حراست میں رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر عاصم حسین، سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین تعینات

اسی دوران ڈاکٹر عاصم حسین کو نومبر 2015 میں پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا اور رینجرز کی مدعیت میں ان کے خلاف کرپشن، دہشت گردوں کی مالی معاونت اور ان کے علاج کے الزامات پر کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں انسداد دہشت گردی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔

رینجرز کا ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد نیب نے 479 ارب روپے کی کرپشن کے مختلف الزامات کے تحت ڈاکٹر عاصم حسین کو حراست میں لیا تھا اور ان کے خلاف احتساب عدالت میں 2 ریفرنسز بھی دائر کیے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت اور احتساب عدالت میں کیسز زیرِ سماعت ہیں لیکن اسی دوران اپنے وہ علاج معالجے کے لیے بیرونِ ملک کے چند دورے کر چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Feb 21, 2019 06:34pm
462 ارب روپے کرپشن کیس میں ملوث ڈاکٹر عاصم حسین کی طبیعت عدالت میں خراب ہوئی اور انہیں ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی گئیں۔ مگر مگر مگر آج شام تو اپنے اسپتال میں خوب چہک رہے تھے، یقین نہیں آتا تو اسپتال کی آج کی ویڈیو ریکارڈنگ اٹھا کے دیکھ لیں۔