امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے صدارتی مہم کیلئے مسلمان کو منتخب کرلیا

اپ ڈیٹ 21 فروری 2019
برنی سینڈرز نے امریکا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلمان شخص کو صدارتی مہم کا مینیجر منتخب کیا — فائل فوٹو : اے ایف پی
برنی سینڈرز نے امریکا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلمان شخص کو صدارتی مہم کا مینیجر منتخب کیا — فائل فوٹو : اے ایف پی

امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے آئندہ صدارتی انتخاب سے قبل اپنی انتخابی مہم کے انتظامات سنبھالنے کے لیے مسلمان شخص کو مینیجر منتخب کرلیا۔

برطانوی اخبار 'دی گارجین' کی رپورٹ کے مطابق برنی سینڈرز نے امریکن سول لبرٹیز یونین (اے سی ایل یو) کے سیاسی ڈائریکٹر فیص شاکر کو اپنی مہم کا مینیجر کے لیے منتخب کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شاکر فیض کا تعلق پاکستانی تارکین وطن خاندان سے ہے، وہ امریکی صدارتی مہم کے انتظامات سنبھالنے والے پہلے مسلمان شخص ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' کی رپورٹ کے مطابق فیض شاکر ایک ’باعزت اور ترقی پسند شخصیت ہیں‘۔

وہ سینیٹ کے سابق ڈیموکریٹک رہنما ہیری ریڈ کے مشیر کے طور پر کام کرچکے ہیں، اس سے قبل انہوں نے نینسی پیلوسی کے ساتھ اس وقت کام کیا تھا جب وہ اقلیتی رہنما تھیں۔

مزید پڑھیں: برنی سینڈرز کا ہیلری کلنٹن کی حمایت کا اعلان

سی این این کے مطابق فیض شاکر نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد جنوری 2017 میں اے اسی ایل یو میں شمولیت اختیار کی تھی اور ’ امریکی انتظامیہ کے خلاف اعلیٰ سطحی قانونی جنگوں میں ایک اہم آواز کے طور پر سامنے آئے ‘۔

فیض شاکر نے سینٹر فار امریکن پروگریس میں مشیر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق برنی سینڈرز کی جانب سےفیض شاکر کو ملازمت دینے کا فیصلہ اس بات کا اشارہ ہے کہ دوسری مرتبہ ڈیموکریٹک امیدوار کی نامزدگی کے پیچھے موجود تنظیم زیادہ مضبوط ہوگی، جس نے 2016 میں بہت زیادہ جدوجہد کی تھی۔

صدارتی مہم کے نو منتخب مینیجر، جیف ویور کا عہدہ سنبھالیں گے جو برنی سینڈرز کی پہلی صدارتی مہم کے مینیجر تھے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی وسط مدتی انتخابات: ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی اکثریت

ہیری ریڈ کے سابق ڈپٹی چیف آف اسٹاف ایڈم جینٹلسن نے کہا کہ ’فیض شاکر ایک قابل انسان ہیں وہ جانتے ہیں کہ سسٹم میں بہتر طریقے سےکس طرح کام کیا جاتا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہیری ریڈ نے فیض شاکر سے مشورہ کیے بغیر کبھی کوئی بڑا فیصلہ نہیں کیا، وہ اس حوالے سے کسی اور پر اتنا بھروسہ نہیں کرتے تھے کہ کسی چیز پر کیسا رد عمل آئے گا اور نہ ہی کسی اور کے مشورے پر اتنی سنجیدگی سے عمل کرتے تھے‘۔

سی این این کے مطابق دی ڈیلی بیسٹ نے سب پہلے رپورٹ کیا کہ فیض شاکر نے برنی سینڈرز کی ملازمت کی پیشکش قبول کرلی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں