شادی شدہ جوڑوں کے غیر ازدواجی تعلقات کی کہانی ’میرا رب وارث‘

22 فروری 2019
’میرا رب وارث‘ جلد جیو ٹی وی پر نشر ہوگا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
’میرا رب وارث‘ جلد جیو ٹی وی پر نشر ہوگا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستانی اداکار دانش تیمور اور اداکارہ مدیحہ امام بہت جلد ایک ساتھ ’میرا رب وارث‘ نامی ڈرامے میں کام کرتے نظر آئیں گے جس کی کہانی شادی شدہ جوڑوں کے غیر ازدواجی تعلقات پر مبنی ہے۔

اداکار دانش تیمور نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے اس ڈرامے میں پیار، نفرت اور علحیدگی دکھائی جائے گی۔

دانش تیمور اس ڈرامے میں حارث نامی ایسے مرد کا کردار نبھارہے ہیں جو آزاد خیال اور غیر مذہبی ہے جس کی شادی ایک مذہبی خاتون سے ہوجاتی ہے۔

مزید پڑھیں: ’آتش عشق‘ کے ساتھ دانش تیمور کی ٹی وی پر واپسی

مدیحہ امام اس ڈرامے میں دانش تیمور کی اہلیہ عائشہ کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی، جسے اپنے مذہبی خیالات کے باعث شوہر اور سماج کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مدیحہ امام کا کہنا تھا کہ ’اس ڈرامے کی کہانی عائشہ کے سفر پر مبنی ہے جسے اپنے خیالات کے باعث لوگوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم وہ پھر بھی خود کو تبدیل نہیں کرے گی‘۔

مدیحہ کے مطابق جہاں لوگوں کو زندگی گزارنے کے لیے شادی، بچے اور تعلیم ضروری نظر آتی ہے وہیں عائشہ کے کردار کے لیے چیزیں مختلف ہوں گی کیوں کہ اس کے لیے اپنا مذہب سب سے اہم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: دانش تیمور رومانوی کردار ادا کرنے لیے تیار

دانش اور مدیحہ دونوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسکرپٹ کی وجہ سے ڈرامے میں کام کرنے کی حامی بھری۔

اس ڈرامے کا اسکرپٹ جہانزیب قمر نے تحریر کیا ہے، جبکہ اس کی کاسٹ میں سیمی پاشا، عابد علی، تنویر جمال، فضیلہ قاضی، احسن محسن اکرام، شامین خان اور حرا حسین بھی موجود ہیں۔

اسد جبال کی ہدایات میں بننے والا ڈرامہ ’میرا رب وارث‘ جلد جیو ٹی وی پر نشر ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں