کراچی میں مزید 2 افراد کی 'ٹارگٹ کلنگ'

لاشوں اور زخمی کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا — فوٹو: ڈان نیوز
لاشوں اور زخمی کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا — فوٹو: ڈان نیوز

شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں مبینہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ڈی ایس پی نیو کراچی ارشاد علی بھٹو نے کہا کہ فائرنگ کے نشانہ بننے والے ناگن چورنگی پر ایک ریسٹورنٹ کے قریب ہائی روف گاڑی میں بیٹھے تھے جہاں دو مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان آئے اور ان میں سے ایک نے متاثرین کو قریب سے گولیاں ماریں۔

انہوں نے کہا کہ فائرنگ سے 35 سالہ نصیب اللہ اور 40 سالہ نور علی کو سر میں گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ تیسرا شخص محمد رفیق زخمی ہوا۔

لاشوں اور زخمی کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر سلیم شیخ نے کہا کہ زیر علاج زخمی کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی:یونین کونسل کے دفتر میں فائرنگ، ایم کیو ایم کارکن جاں بحق

ڈی ایس پی ارشاد بھٹو کا کہنا تھا کہ متاثرین مچھلی کا کاروبار کرتے تھے اور وہ نیو کراچی اپنے ایک رشتہ دار کو ریسٹورنٹ کھولنے کی مبارکباد دینے گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقتولین کے ورثا نے پولیس کو بتایا کہ ان کا کسی سیاسی یا مذہبی جماعت سے تعلق نہیں تھا۔

افسر نے کہا کہ پولیس دوہرے قتل کے واقعے کے اصل محرکات جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے ڈان کو بتایا کہ ہوسکتا ہے کہ دونوں افراد 'ٹارگٹ کلنگ' کا نشانہ بنے ہوں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ واقعہ غلط شناخت کی وجہ سے پیش آیا ہو کیونکہ مقتولین اس مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد یہاں آئے تھے جو اہلسنت والجماعت کی ہے۔

امیر شیخ نے واضح کیا کہ ورثا کے مطابق مقتولین کا کسی فرقہ وارانہ تنظیم سے تعلق نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: پی ایس پی رہنما 'قاتلانہ حملے' میں محفوظ

واضح رہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلرز ایک بار پھر سرگرم نظر آرہے ہیں اور گزچتہ چند ہفتوں میں ٹارگٹ کلنگ کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

تین روز قبل بھی کراچی کی مصروف سخی حسن چورنگی کے قریب مشتبہ ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے رہنما جاں بحق ہوئے تھے۔

امیر شیخ کا کہنا تھا کہ تفتیش کار اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا اس واقعے کا شہر میں گزشتہ دنوں شہر میں مخصوص سیاسی کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

سیاسی کارکنان اور پولیس اہلکاروں کی حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے امیر شیخ نے انکشاف کیا کہ تفتیش کاروں کو دسمبر میں رضویہ سوسائٹی میں پاک سرزمین پارٹی کے 2 کارکنان کے قتل اور 2 کو زخمی کرنے والے قاتلوں سے متعلق کچھ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح دسمبر میں ایم کیو ایم کے سابق رہنما علی رضا عابدی کے قتل سے متعلق بھی اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی کے واقعے میں 4 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، جبکہ قاتلوں کی شناخت بھی کی جاچکی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں