پشتو ڈراموں کی معروف اداکارہ قتل

23 فروری 2019
مقتولہ کی شناخت اداکارہ لبنیٰ عرف گلالئی کے نام سے ہوئی —فوٹو بشکریہ / ٹرائبل یوتھ ایکٹوسٹ فیس بک
مقتولہ کی شناخت اداکارہ لبنیٰ عرف گلالئی کے نام سے ہوئی —فوٹو بشکریہ / ٹرائبل یوتھ ایکٹوسٹ فیس بک

پشاور: اس وقت جہاں دنیا بھر میں اداکارائیں اور خواتین اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے واقعات کو سامنے لا رہی ہیں وہیں صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے چورہ میں ایک ماڈل و اداکارہ کو بیہمانہ طریقے سے قتل کردیا گیا۔

ضلع مردان کے پولیس افسر سجاد خان نے اداکارہ کی شناخت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پشتو ڈراموں کی معروف اداکارہ لبنیٰ عرف گلالئی ہیں، جو اپنی بہن کے ساتھ پشاور کے گل آباد قاضی ٹاؤن میں مقیم تھی۔

مزید پڑھیں: محفل رقص میں شرکت سے انکار پر ڈانسر قتل

پولیس افسر کے مطابق مقتولہ کو گلہ دبا کر قتل کیا گیا جس کی لاش مردان کے علاقے چورہ میں کھیتوں سے ملی۔

مقتولہ کی بہن نے قتل کا الزام نواب، فضل ملک اور شاہ حسین نامی افراد پر لگایا، کیوں کہ وہ آخری مرتبہ ان تینوں کے ساتھ گاڑی میں مردان روانہ ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پشتو گلوکارہ غزالہ جاوید کا قتل

ڈی پی او سجاد خان کا کہنا تھا کہ تینوں مبینہ ملزمان میں سے 2 شاہ حسین اور فضل ملک کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے البتہ نواب کی تلاش جاری ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا کہ مقتولہ کی شادی محمد عمران نامی شخص کے ساتھ ہوئی تھی اور ان دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔

تاہم شوہر سے ناراضگی کے باعث گلالئی اپنی بہن سبرینا کے ساتھ پشاور میں مقیم تھی۔


یہ خبر 23 فروری 2019 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں