آسکر ایوارڈ حاصل کرنے کا عمر سے کیا تعلق؟

اداکاروں کے مقابلے اداکارائیں جلد ایوارڈ حاصل کرتی ہیں—فائل فوٹو: دی فلمز تھنگس
اداکاروں کے مقابلے اداکارائیں جلد ایوارڈ حاصل کرتی ہیں—فائل فوٹو: دی فلمز تھنگس

فلمی دنیا کے سب سے معتبر اعزاز سمجھے جانے والے ’آسکر ایوارڈز‘ کی تقریب 24 فروری کو امریکی شہر لاس اینجلس کے ڈولبے تھیٹر سینٹر میں ہوگی۔

اس مرتبہ آسکر ایوارڈز کی 91 ویں سالانہ تقریب منعقد ہوگی جس میں کئی ریکارڈ قائم ہونے کا امکان ہے۔

اس مرتبہ جہاں 30 سال بعد تقریب کی میزبانی کسی خاص شخص کے پاس نہیں ہوگی، وہیں اس مرتبہ آسکر کے لیے پہلی مرتبہ آن لائن اسٹریمنگ کمپنی ’نیٹ فلیکس‘ کی فلم ’روما‘ کو بھی بہترین فلم کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اسی طرح رواں برس آسکر ایوارڈز کی 3 اہم کیٹیریز میں شامل 2 کیٹیگریز یعنی ’بہترین اداکار اور بہترین اداکارہ‘ کے لیے بھی عمر رسیدہ اداکاروں کو نامزد کیا گیا۔

اگرچہ ماضی میں بھی عمر رسیدہ اداکاروں کو اس اعلیٰ ترین ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے، تاہم اس مرتبہ اگر 71 سالہ اداکارہ گلین کلوز کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا تو وہ یہ ایوارڈ جیتنے والی دوسری عمر رسیدہ اداکارہ بن جائیں گی۔

اگر آسکر ایوارڈز کی 91 سال کی تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہو گا کہ یہ ایوارڈ نوجوانوں سے زیادہ ادھیڑ عمر اور عمر رسیدہ افراد کو دیا گیا ہے۔

بہترین ہدایت کار سمیت دیگر کیٹیگریز میں ایوارڈ حاصل کرنے والے زیادہ تر افراد ادھیڑ عمر یا عمر رسیدہ تو ہوتے ہی ہیں تاہم اداکار اور اداکارائیں بھی زیادہ تر 30 سال سے زائد عمر کے ہوتے ہیں۔

برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کے مطابق گزشتہ 91 برس میں 40 سے 49 برس کی عمر کے 37 اداکاروں کو بہترین اداکار جب کہ اسی عمر کی 12 اداکاراؤں کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

جائزے سے یہ بات سامنے آئی کہ اداکاروں کے مقابلے نوجوان اداکاراؤں کو آسکر ایوارڈ زیادہ مرتبہ دیا گیا۔

گزشتہ 91 برس میں آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والے اداکاروں کے مقابلے اداکارائیں زیادہ جوان تھیں۔

بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے والی 32 اداکارائوں کی عمر 20 سے 29 سال کے درمیان تھی جب کہ اسی عمر کا صرف ایک مرد اداکار ہی یہ ایوارڈ حاصل کر پایا۔

آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والے نوجوان اداکار ایڈین بروڈی ہیں جنہوں نے 29 برس کی عمر میں ایوارڈ حاصل کیا۔

جب کہ آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والی نوجوان اداکارہ 21 سالہ مارلی میٹلن ہیں۔

اسی طرح 36 اداکاراؤں کو 30 سے 39 سال کی عمر میں ایوارڈ دیا گیا جب کہ اسی عمر کے 33 مرد اداکاروں کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔

40 سے 49 سال کی عمر کے 37 اداکاروں کو آسکر ایوارڈ دیا گیا جب کہ اسی عمر میں محض 12 اداکاراؤں کو ایوارڈ دیا گیا۔

اسی طرح 50 سے 59 سال کی عمر میں بھی محض 2 اداکاراؤں جب کہ 17 اداکاروں کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔

60 سال یا اس سے زائد کی عمر کے 7 اداکاروں کو آسکر سے نوازا گیا اور اسی عمر کی خواتین کی تعداد 9 ہے۔

بڑی عمر میں ایوارڈ حاصل کرنے والی اداکارہ جیسیکا ٹینڈی ہیں جنہیں 1990 میں 80 سال کی عمر میں ایوارڈ دیا گیا۔

ہینری فونڈا کو ایوارڈ کے لیے 43 سال انتظار کرنا پڑا—فوٹو: لجیسی ڈاٹ کام
ہینری فونڈا کو ایوارڈ کے لیے 43 سال انتظار کرنا پڑا—فوٹو: لجیسی ڈاٹ کام

بڑی عمر میں بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے والے اداکار ہینری فونڈا ہیں جنہیں 77 برس کی عمر میں 1981 میں وفات سے ایک سال قبل ایوارڈ دیا گیا تھا۔

وہ آسکر ایوارڈ کے لیے طویل انتظار کرنے والے اداکار بھی ہیں، انہوں نے مجموعی طور پر اس ایوارڈ کے لیے 43 برس انتطار کیا۔

بہترین اداکار اور اداکارہ کی طرح بہترین معاون اداکارہ اور اداکار میں بھی زیادہ تر ادھیڑ عمر اور ضعیف اداکاروں کو ایوارڈز دیے گئے۔

بہترین اداکارہ اور اداکار کی طرح اس کیٹیگری میں بھی خواتین کے مقابلے مردوں کو طویل عمری میں ایوارڈ دیا گیا۔

مجموعی طور معاون اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے والے زیادہ تر اداکاروں کی اوسط عمر 49 برس جب کہ بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے والوں کی عمر 40 برس رہی۔

مارلی میٹلن آسکر ایوارڈ جیتنے والی کم عمر ترین اداکارہ ہیں—فوٹو: ڈیموکریٹ اینڈ کرونیکل
مارلی میٹلن آسکر ایوارڈ جیتنے والی کم عمر ترین اداکارہ ہیں—فوٹو: ڈیموکریٹ اینڈ کرونیکل

بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ جیتنے والی اداکاراؤں کی اوسط عمر 40 سال جب کہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی اوسط عمر 36 برس رہی۔

91 ویں آسکر ایوارڈز کے لیے جن مرکزی اداکاروں اور اداکاراؤں کو منتخب کیا گیا ہے اس میں بھی مرد اداکاروں کی عمریں خواتین سے زیادہ ہیں۔

اس مرتبہ بہترین اداکار کے لیے 63 سالہ ولیم ڈفوئے، 60 سالہ ویگو مورٹینسن، 45 سالہ کرسٹین بیل، 43 سالہ بریڈلی کوپر اور 37 سالہ ریمی ملک شامل ہیں۔

ایڈین بروڈی آسکر ایوارڈ جیتنے والے نوجوان اداکار ہیں—فوٹو: ہائی لائٹن
ایڈین بروڈی آسکر ایوارڈ جیتنے والے نوجوان اداکار ہیں—فوٹو: ہائی لائٹن

اسی طرح اس مرتبہ بہترین اداکارہ کے لیے 71 سالہ گلین کلوز، 48 سالہ ملیسا مک کیرتھی، 48 سالہ اولیوما کولمین، 32 سالہ لیڈی گاگا اور 25 سالہ یلیتا اپاریشیو شامل ہیں۔

اس مرتبہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ 71 سالہ گلین کلوز کو ملا تو وہ یہ ایوارڈ جیتنے والی دوسری عمر رسیدہ اداکارہ ہوں گی اور اگر یہی ایوارڈ 25 سالہ یلیتا اپاریشو کو ملا تو بھی وہ ایوارڈ حاصل کرنے والی کم عمر ترین 5 اداکاراؤں میں شامل ہوں گی۔

جیسیکا ٹینڈی ایوارڈ جیتنے والی ضعیف ترین اداکارہ ہیں—فوٹو: آل اسٹار بیو
جیسیکا ٹینڈی ایوارڈ جیتنے والی ضعیف ترین اداکارہ ہیں—فوٹو: آل اسٹار بیو