گیس صارفین سے کی گئی اضافی وصولی واپس کرنے کا حکم

اپ ڈیٹ 27 فروری 2019
30 فیصد گیس صارفین کو اضافی بل بھیجا گیا تھا — عمران خان انسٹاگرام
30 فیصد گیس صارفین کو اضافی بل بھیجا گیا تھا — عمران خان انسٹاگرام

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو اضافی بل کے ذریعے گیس صارفین سے وصول کی گئی اضافی رقم واپس کرنے کا حکم دے دیا۔

اضافی بل کے معاملے پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے صارفین کو اضافی بل بھیجنے والے حکام کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم بھی دیا۔

وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان اور مختلف وزارتوں کے سینیئر حکام اور متعلقہ محکموں کی جانب سے اجلاس میں شرکت کی گئی۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا 30 فیصد گیس صارفین کو اضافی بل بھیجا گیا۔

عمران خان نے متعلقہ حکام کو تحقیقات جاری رکھتے ہوئے تمام حقائق سامنے لانے کا حکم دیا۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق عوام کو بھی اس معاملے پر مستقبل میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ اضافی گیس بل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے کھپت کے سلیب میں اضافے کی وجہ سے پیش ہوا جس کی وفاقی کابینہ نے منظوری دی تھی۔

نئے سلیبس کے مطابق 500 ایم ایم ایف تک صرف کرنے پر فی یونٹ 1 ہزار 470 روپے چارج کیا جائے گا اور پورا مہینہ اس ہی ریٹ پر چارج ہوگا۔

حکومت کی جانب سے پیٹرولیم ڈویژن کے ایڈیشنل سیکریٹری (پالیسی) شیر افغن خان کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی کو 4 فروری کو ملنے والی اضافی گیس بل کی شکایت پر تحقیقات کرے گی۔

وزارت توانائی نے کمیٹی کو بتایا ہے کہ وزیر اعظم نے سٹیزنز پورٹل پاکستان پر موصول ہونے والی شکایت پر خود تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق سوئی نیچرل گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے ماہانہ بلوں میں خرابی پر تحقیقات کے لیے کمیٹٰ قائم کی گئی جو اس بات کا پتہ لگائے گی کہ گویا یا اضافی بل تکنیکی غلطی کی وجہ سے بھیجا گیا یا اس میں کوئی ملوث بھی تھا۔

تاہم کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آر) میں کہا گیا کہ کمیٹٰ کا اصل مقصد اضافی بلوں کو حال ہی میں حکومت کی جانب سے قیمتیں بڑھانے کی وجہ تصور کرتے ہوئے اضافی مقامی گیس بل کی وضاحت تلاش کرنا ہے‘۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک بھر میں 70 فیصد مقامی صارفین 300 ایم ایم ایف گیس استعمال کرتے ہیں اور حکومت نے ایسے صارفین کے لیے گیس قیمتوں میں صرف 10 فیصد اضافہ کیا ہے۔

تاہم کئی صارفین نے شکایت کی کہ وہ صرف ایک سے دو کمرے کے گھر میں رہتے ہیں اور ان کا ماہانہ بل 1 ہزار، 1500 سے بڑھ کر 30 ہزار تک پہنچ گیا ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 27 فروری 2019 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں