جماعت الدعوۃ، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری

فہرست میں شامل تنظیموں کی تعداد 70 ہوگئی ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
فہرست میں شامل تنظیموں کی تعداد 70 ہوگئی ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے جماعت الدعوة اور اس کی ذیلی فلاحی تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن (ایف آئی ایف) پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق دونوں تنظیموں پر انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت پابندی عائد کی گئی اور ان کے ناموں کو ایکٹ کے شیڈول 'ون' میں شامل کر دیا گیا۔

دونوں تنظیموں کو شیڈول ون میں شامل کرنے کے بعد فہرست میں شامل تنظیموں کی تعداد 70 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے رواں سال 21 فروری کو دونوں تنظیموں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی عائد کی تھی۔

وزارتِ اطلاعات کے محکمہ پریس انفارمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیرِاعظم عمران خان کی زیرِ قیادت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نیشنل ایکشن پلان کا ازسرنو جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کو تیز کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: گرےلسٹ سے نکلنے کیلئے پاکستان 26 نکاتی ایکشن پلان پر عملدرآمد کا پابند

مذکورہ اجلاس کے دوران ہی وزارت داخلہ کی جانب سے حافظ سعید کی تنظیم جماعت الدعوۃ اور اس کے فلاحی ادارے فلاحِ انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ فروری 2018 میں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس منعقد کیا جائے جس میں پاکستان کا نام دہشت گردوں کو مالی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا جائے گا۔

یہاں مالی معاونت سے مراد کسی بھی ملک میں دہشت گردوں کے لیے بین الاقوامی لین دین اور بینک ٹرانزیکشن کا آزادانہ استعمال شامل تھا۔

بعد ازاں امریکا اور برطانیہ کی جانب سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی امداد کرنے والوں کی نگرانی کرنے والے ادارے ایف اے ٹی ایف کے سامنے قرارداد پیش کی گئی تھی، جس میں پاکستان کا نام دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

تاہم 23 فروری کو ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کے اختتام پر جاری بیان کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں پاکستان کا نام دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے ممالک کی گرے لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا تھا اور پاکستان کو دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے مزید وقت دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان بدستور منی لانڈرنگ، دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنے والے ممالک میں شامل

اس کے بعد پاکستانی حکام نے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل ہونے سے بچنے کے لیے کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ اور اس کی فلاحی تنظیم ایف آئی ایف کے دفاتر کو سیل جبکہ ان کے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کردیا گیا تھا۔

گزشتہ برس 24 نومبر کو وزارتِ خارجہ کی جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا گیا تھا کہ جماعت الدعوۃ کی ذیلی تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی گئی ہے تاکہ ان کی فنڈریزنگ کو روکا جاسکے۔

قبل ازیں پاکستان کا نام 2012 سے 2015 کے درمیان پاکستان ایف اے ٹی ایف کی واچ لسٹ میں شامل تھا تاہم 2015 میں پاکستان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس فہرست سے نام خارج کردیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں