مشہور زمانہ سیریز ’ایئر ولف‘ کے اداکار جان مائیکل چل بسے

جان مائیکل کئی سالوں سے اسکرین سے غائب تھے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
جان مائیکل کئی سالوں سے اسکرین سے غائب تھے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

1980 کی کامیاب ٹی وی سیریز ’ایئر ولف‘ میں پائلٹ کا کردار نبھانے والے نامور ہولی وڈ اداکار جان مائیکل ونسنٹ 73 سال کی عمر میں چل بسے۔

دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق جان مائیکل کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث رواں سال 10 فروری کو ہی ہوگیا تھا، تاہم لوگوں کو اس خبر کا پتا اس وقت چلا جب 8 مارچ کو اداکار کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ سامنے آیا۔

جان مائیکل کا شمار اپنے دور کے مہنگے ترین اداکاروں میں کیا جاتا تھا جو اس وقت اپنی ڈرامہ سیریز ایئروولف کی ایک قسط کا معاوضہ دو لاکھ ڈالر لیتے تھے، یہ رقم اس وقت کسی بھی اداکار کا سب سے زیادہ معاوضہ تھا۔

1978 کی ایکشن فلم ’ہوپر‘ میں جان مائیکل نے ایک اسٹنٹ مین کا کردار نبھایا تھا، جس کے بعد وہ اس ہی سال ’بگ ویڈنیسڈے‘ نامی فلم میں جلوہ گر ہوئے۔

انہیں 1971 کی فلم ’گوینگ ہوم‘ اور 1983 کی ٹیلی ویژن سیریز ’ونڈز آف وار‘ میں نبھائے کرداروں کے لیے بھی دنیا بھر میں مقبولیت ملی۔

تاہم 1984 میں سامنے آئی سیریز ’ایئر ولف‘ میں ان کی کارکردگی کو دنیا آج بھی یاد رکھے ہوئے ہے۔

2012 میں انفیکشن کی وجہ سے مائیکل کی دائیں ٹانگ کاٹنا پڑی تھی جس کے بعد سے وہ گمنامی کی زندگی گزار رہے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں