نواز شریف کیلئے 'موبائل میڈیکل یونٹ' کوٹ لکھپت جیل پہنچا دیا گیا

اپ ڈیٹ 10 مارچ 2019
نواز شریف کی صحت پر سیاست کی جاری ہے، ڈاکٹر شہباز گل —فائل فوٹو / ڈان نیوز
نواز شریف کی صحت پر سیاست کی جاری ہے، ڈاکٹر شہباز گل —فائل فوٹو / ڈان نیوز

سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی جانب سے طبی سہولیات لینے سے انکار کے بعد حکومت پنجاب نے جدید خطوط پر استوار 'موبائل ایمبولینس یونٹ' کوٹ لکھپت جیل بھیج دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عثمان بزدار کی ہدایت پر لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کے لیے ایمبولینس اور ڈاکٹرز مقرر کر دیئے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: (ن) لیگ کو نواز شریف کی صحت پر تشویش،جیل انتظامیہ نے تندرست قرار دے دیا

انہوں نے بتایا کہ ایمبولینس میں تمام سہولیات موجود ہیں اور وہ 24 گھنٹے جیل کی حدود میں رہے گی۔

ڈاکٹر شہباز نے بتایا کہ ’مریم نواز کی جانب سے گزشتہ روز ٹوئٹ میں جیل حکام کو فوری طور پر ہیلتھ یونٹ جیل کی حدود کے اندر فراہم کرنے کی درخواست کی گئی، جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہنگامی بنیادوں پر ایمبولینس موبائل یونٹ فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے‘۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ ایمبولینس 24 گھنٹے جیل کی حدود میں رہے گی اور تین امراض قلب کے ڈاکٹرز (کارڈیولوجسٹ)، تین ٹیکنیشن اور تین ڈرائیور مرحلہ وار فرائض انجام دیں گے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’موبائل یونٹ کے اندر وہ تمام طبی آلات موجود ہیں جو ایک امراض قلب کے مریض کے لیے ضروری ہوتے ہیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’گزشتہ چند دنوں سے نواز شریف کی صحت پر سیاست کی جاری ہے تاہم سیاست کے بجائے ان کی صحت پر زیادہ توجہ دینی چاہیے‘۔

مزید پڑھیں: نواز شریف اڈیالہ سے کوٹ لکھپت جیل منتقل

ڈاکٹر شہباز کا کہنا تھا کہ ’میں نے دو کارڈیالوجسٹ کے ہمراہ جیل میں نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں ’ہر طرح کی پیشکش کی‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’ہمارے واپس وافر تعداد میں وسائل نہیں ہیں تاہم افسوس ہے کہ اس مسئلے پر میڈیا کے ذریعے سیاسی دباؤ ڈالا جارہا ہے‘۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ حکومت کے اختیار میں نہیں کہ نواز شریف کو ضمانت پر رہائی دے دی جائے، تاکہ وہ بیرون ملک جا کر علاج کرا سکیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’جو اختیارات ہمارے پاس ہیں، ہم نے ان سے بڑھ کر نواز شریف کو سہولیات فراہم کیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ڈاکٹر، ملک کے لیے فرائض انجام دیتے ہیں صرف ہمارے لیے نہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید، فلیگ شپ ریفرنس میں بری

ڈاکٹر شہباز گل نے بتایا کہ محکمہ داخلہ نے جیل انتظامیہ کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا کہ ’نواز شریف صحت کے اعتبار سے بلکل ٹھیک ہیں اور اس ضمن میں کوئی ایمرجنسی نہیں‘۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ زیر حراست سابق وزیر اعظم اب 69 برس کے ہو چکے ہیں اور ان کی موجودہ صحت گزشتہ برس جیسی ہے، یہ ہنگامی صورتحال نہیں تاہم اس عمر میں امراض قلب کے مریض ایسی علامات کا اظہار کرتے ہیں‘۔

تبصرے (0) بند ہیں