بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست، آسٹریلیا نے ریکارڈ ہدف حاصل کرلیا

11 مارچ 2019
سیزیز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 13 مارچ کو ہوگا — فوٹو: اے ایف پی
سیزیز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 13 مارچ کو ہوگا — فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ریکارڈ ہدف حاصل کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو اس کے ہوم گراؤنڈ میں ایک اور شکست سے دوچار کرکے پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کردی۔

بھارت کے شہر موہالی میں کھیلے جانے والے اس میچ بھارت نے ٹاس جیت کے لیے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو اس کی بیٹنگ کی مضبوطی کے مطابق بہتر ثابت ہوا۔

گزشتہ میچ کی شکست میں ڈوبے ہوئے، بھارتی اوپننگ بیٹسمین روہت شرما اور شیکھر دھوان نے آسٹریلین باؤلرز کو ترنوالہ بناتے ہوئے ان کی خوب خبر لی۔

دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کے لیے اپنی ٹیم کو 193 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کرتے ہوئے ٹیم کے لیے بڑا ہدف بنانے کی بنیاد رکھ دی۔

مزید پڑھیں: بھارتی ٹیم کی فوجی کیپ: 'یہ کرکٹ نہیں، آئی سی سی کارروائی کرے'

اپنی سنچری سے 5 رنز قبل 95 رنز بنا کر روہت شرما جے رچرڈسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے تاہم دوسری جانب شیکھر دھوان نے اپنا روایتی کھیل جاری رکھا۔

لوکیش راہل کے ساتھ مل کر شیکھر دھوان 61 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور ٹیم کے اسکور کو مزید آگے بڑھایا۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز 143 رنز بنا کر 254 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے تو ان کے بعد آنے والے کپتان ویرات کوہلی صرف 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

تاہم لوکیش راہل کے 26، رشبھ پنٹ کے 36، کیدار جادھو کے 10 اور وجے شنکر کے 26 رنز کی بدولت بھارت نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 359 رنز کا ہدف دیا۔

مزید پڑھیں: فوجی ٹوپی پہننے والی بھارتی ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 32 رنز سے شکست

جواب میں آسٹریلین ٹیم کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا اور کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جن کے بعد نئے آنے والے بیٹسمین شان مارش بھی 6 رنز بنانے کے بعد 12 کے مجموعے پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

اس صورتحال میں گزشتہ روز کے ہیرو پاکستانی نژاد آسٹریلین کھلاڑی عثمان خواجہ کینگروز کے لیے ایک مرتبہ پھر مردِ بحران ثابت ہوئے اور پیٹر ہینڈزکومب کے ہمراہ 192 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر فتح کی راہ پر گامزن کیا۔

عثمان خواجہ اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 91 رنز بنانے کے بعد 204 کے مجموعے پر جسپریت بمرا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پیٹر ہینڈزکومب نے اپنی سنچری مکمل کی اور اسی دوران ان کے ہمراہ کیریز پر موجود میکس ویل نے 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

مزید پڑھیں: میکس ویل کی سنچری، آسٹریلیا کا بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش

گلین میکس ویل 23 رنز بنا کر 229 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے تو بھارتی کھلاڑیوں کے گمان میں بھی نہ تھا کہ ان کے سامنے میکس ویل سے بھی زیادہ خطرناک کھلاڑی آنے والا ہے۔

ون ڈے کرکٹ میں اپنا دوسرا میچ کھیلنے والے ایشٹن ٹرنر نے اپنی اننگز کا آغاز تو محتاط انداز میں کیا، لیکن چند اوورز بعد ہی اس کھلاڑی نے نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی موجوگی کا احساس دلوایا بلکہ بھارتی باؤلرز کے ہوش اڑا دیے۔

پیٹر ہینڈزکومب تو سنچری مکمل کرکے 117 رنز پر آؤٹ ہوگئے تاہم ان کے بعد ایشٹن ٹرنر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے دھواں دھار اننگز کھیل کر 2 اوور قبل ہی 359 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرلیا۔

خیال رہے کہ یہ آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف سب سے بڑا جبکہ مجموعی طور پر ون ڈے کا پانچواں سب سے بڑا ہدف حاصل کیا۔

ایشٹن ٹرنز کو میچ میں شاندار بیٹنگ پرفارمنس اور میچ جتوانے والی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں