اوبر میں سامان بھولنے والوں میں سعودیوں کے بعد پاکستانی سرفہرست

12 مارچ 2019
سعودی عرب کے القصیم علاقے کے لوگ سب سے زیادہ سامان بھولتے ہیں، رپورٹ—فائل فوٹو: میڈیم
سعودی عرب کے القصیم علاقے کے لوگ سب سے زیادہ سامان بھولتے ہیں، رپورٹ—فائل فوٹو: میڈیم

دنیا بھر میں آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی امریکی کمپنی ’اوبر‘ نے گزشتہ ایک سال کے دوران مسافروں کی جانب سے سواریوں میں بھول جانے والے سامان کی فہرست جاری کردی۔

اوبر نے نہ صرف سامان کی فہرست جاری کی ہے بلکہ کمپنی نے ان شہروں اور ممالک کے نام بھی شائع کیے ہیں جہاں مسافر سب سے زیادہ چیزیں بھول جاتے ہیں۔

اگرچہ عالمی سطح پر اوبر کی گاڑیوں میں اپنا قیمتی سامان بھولنے والوں میں امریکی سر فہرست ہیں۔

تاہم مشرق وسطیٰ، افریقا اور پاکستان ریجن میں اوبر گاڑیوں میں قیمتی سامان بھول جانے میں سعودی عرب اور پاکستانی شہریوں نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

اوبر انڈیکس فہرست کے مطابق عالمی سطح پر اوبر گاڑیوں میں اپنا سامان بھول جانے میں امریکی ریاست الاباما کے شہری سب سے آگے ہیں۔

عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر امریکی ریاست نیو میکسیکو کے شہری ہیں۔

تاہم اوبر کے مشرق وسطیٰ، افریقا اور پاکستان ریجن میں سعودی عرب کے شہری سامان بھول جانے میں پہلے نمبر پر ہیں۔

سعودی عرب کے 5 شہروں کے لوگ گاڑیوں میں سامان بھول جاتے ہیں—فوٹو: دی اکانامسٹ
سعودی عرب کے 5 شہروں کے لوگ گاڑیوں میں سامان بھول جاتے ہیں—فوٹو: دی اکانامسٹ

حیران کن طور پر اس ریجن میں پاکستانی شہریوں نے سامان بھول جانے میں خلیجی ممالک اور افریقی ممالک کے شہریوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

اوبر کے مشرق وسطیٰ، افریقا اور پاکستان ریجن کے جن 15 شہروں کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں، ان میں 5 شہر سعودی عرب اور 4 شہر پاکستانی ہیں جب کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے 2 شہر ہیں۔

ہارپر بازار عربیہ کے مطابق مشرق وسطیٰ اور پاکستان ریجن میں اوبر گاڑیوں میں سب سے زیادہ سعودی عرب کے شہری سامان بھول جاتےہیں۔

سعودی عرب کے علاقے القصیم کے شہری اوبر گاڑیوں میں سامان بھول جانے میں سب سے آگے ہیں۔

پاکستان میں اسلام آباد کے شہری سب سے زیادہ سامان بھول جاتے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
پاکستان میں اسلام آباد کے شہری سب سے زیادہ سامان بھول جاتے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

مشرق وسطیٰ، افریقا اور پاکستان ریجن میں دوسرے نمبر پر ابو ظہبی کے شہری اوبر گاڑیوں میں سب سے زیادہ سامان بھول جاتے ہیں۔

اسی ریجن کے 15 شہروں میں اگرچہ پاکستانی شہر آخری 4 نمبروں پر آتے ہیں، تاہم 15 شہروں کی فہرست میں سعودی عرب کے بعد پاکستانی شہر سب سے زیادہ ہیں۔

مجموعی طور پر سعودی عرب کے 5 علاقوں القصیم، مدینہ، ریاض، جدہ اور مشرقی علاقہ شامل ہیں۔

مسافر اوبر میں 8 ہفتوں کا کتے کا بچہ بھی بھول گئے تھے، کمپنی—فوٹو: شٹر اسٹاک
مسافر اوبر میں 8 ہفتوں کا کتے کا بچہ بھی بھول گئے تھے، کمپنی—فوٹو: شٹر اسٹاک

پاکستان میں سب سے زیادہ اسلام آباد کے شہری اوبر گاڑیوں میں سامان بھول جاتے ہیں۔

پاکستان میں دوسرے نمبر پر کراچی، تیسرے نمبر پر لاہور اور چوتھے نمبر پر حیدرآباد کے شہری ہیں۔

مشرق وسطیٰ، افریقا اور پاکستان ریجن کے جن 15 شہروں کی فہرست جاری کی گئی ہے ان میں قاہرہ، بیروت، منامہ، عمان اور ابو ظہبی بھی شامل ہیں۔

اسی ریجن میں سب سے زیادہ مسافر موبائل فون، پرس، ہینڈ بیگز، کیمرے، ملبوسات، چابیاں، زیورات، پانی کی بوتلیں، ہیڈ فونز اور میک اپ کا سامان اوبر گاڑیوں میں بھول جاتے ہیں۔

مسافر 18 قراط وزنی دانت بھی بھول گئےفوٹو: بزنس انسائڈر
مسافر 18 قراط وزنی دانت بھی بھول گئےفوٹو: بزنس انسائڈر

عالمی سطح پر مسافر اوبر گاڑیوں میں جن مہنگی اور نایاب چیزوں کو گزشتہ ایک سال کے اندر بھول گئے ان میں 18 قراط وزنی سونے کے دانتوں کا مکمل سیٹ اور ایک کتے کا بچہ بھی شامل ہے۔

اوبر کے مطابق گزشتہ ایک سال کے اندر مسافر گاڑی میں 8 ہفتوں کا کتے کا بچہ، 18 قراط وزنی سونے کے دانتوں کا سیٹ، ہیروں سے جڑے زیورات، رومانوی تصویریں، انڈوں کا کریٹ، رومانوی تحائف، گندے کپڑے، مشروبات، مچھلی کی غذائیں اور دیگر لذیذ غذائیں بھی بھول گئے۔

مسافر قیمتی دیدہ زیب سفید لیدر کے ہیل بھی بھول گئے—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
مسافر قیمتی دیدہ زیب سفید لیدر کے ہیل بھی بھول گئے—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

خیال رہے کہ اوبر میں بھول جانے والے سامان کو دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

اوبر بھولے گئے سامان کو واپس منگوانے کے لیے ایپلی کیشن کے ذریعے مسافروں کی مدد کرتی ہے۔

جو مسافر سفر کے اختتام کے بعد اوبر گاڑیوں میں سامان بھول جاتے ہیں وہ درج ذیل دی گئی ویڈیو پر دی گئی ہدایات پر عمل کرکے اپنا سامان واپس حاصل کر سکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں