یومِ پاکستان 2019 کیلئے پاک فوج کا نغمہ جاری

اپ ڈیٹ 13 مارچ 2019
یومِ پاکستان کی پریڈ میں ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے—فوٹو: اسکرین گریب
یومِ پاکستان کی پریڈ میں ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے—فوٹو: اسکرین گریب

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے یومِ پاکستان کی مناسبت سے آفیشل نغمہ جاری کردیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر نے نغمے کی جھلکیوں کی ویڈیو شیئر کی جس کا عنوان ’پاکستان زندہ باد‘ ہے۔

نغمے کی ویڈیو میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے جوانوں کو مارچ پاسٹ اور فلائنگ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

اپنی ٹوئٹ میں میجر جنرل آصف غفور نے یہ بھی بتایا کہ یومِ پاکستان کی پریڈ میں ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دیگر مہمانانِ گرامی میں آذربائیجان کے وزیر دفاع، بحرین کے چیف آف آرمی اسٹاف جبکہ اومان کے حکام شامل ہیں.

اس کے ساتھ آذربائیجان، بحرین، چین، سعودی عرب، سری لنکا اور ترکی کے عہدیدار بھی یوم پاکستان کی پریڈ میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے 18 غیر ملکیوں سمیت 127 افراد کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: یوم پاکستان پر 18 غیر ملکیوں سمیت 127 افراد کو سول ایوارڈ دیا جائے گا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات ادا کرنے والے افراد کو ایوان صدر میں منعقدہ ایک تقریب میں سول ایوارڈز سے نوازیں گے۔

سول ایوارڈ حاصل کرنے والے نمایاں افراد میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم، سابق فاسٹ باؤلر وقار یونس، لیگ اسپنر یاسر شاہ، گلوکار عطاءاللہ خان عیسیٰ خیلوی اور سجاد علی، فلم اداکار بابرہ شریف، ریما خان، مہوش حیات، شبیر جان اور افتخار ٹھاکر، نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ، ٹی وی اینکر ارشد شریف اور تاجر عقیل کریم ڈھیڈھی شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں