بینک بیلنس دیکھ کر ڈاکو نے لوٹی ہوئی رقم واپس کردی

13 مارچ 2019
نرم دل ڈاکو نے مسکرا کر خاتون کو رقم لوٹا دی اور آگے چل دیا،—فوٹو: شٹر اسٹاک
نرم دل ڈاکو نے مسکرا کر خاتون کو رقم لوٹا دی اور آگے چل دیا،—فوٹو: شٹر اسٹاک

ایک ڈاکو اس وقت لوگوں کی ہمدردیاں اور تعریفیں سمیٹنے میں کامیاب ہوگیا جب اس نے ایک خاتون سے رقم لوٹنے کے بعد اس کا بینک بیلنس دیکھ کر رقم واپس کردی۔

چینی خبررساں ادارے شنگھائسٹ کے مطابق یہ واقعہ چین میں پیش آیا جو کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے محفوظ ہوگیا، ویڈیو میں دیکھا گیا کہ رات کے وقت جب ایک خاتون اے ٹی ایم سے رقم نکال رہی تھیں اس وقت ایک لٹیرا خنجر ہاتھ میں لیے ان کے پیچھے آکھڑا ہوا۔

اے ٹی ایم سے 2500 یو آن، تقریباً 52 ہزار پاکستانی روپے کے برابر، رقم نکال خاتون جیسی ہی پلٹی تو پیچھے کھڑے لٹیرے کو دیکھ کر ڈر کے مارے ساری رقم اسے فوراً تھمادی۔

ٰیہ بھی دیکھیں: ڈاکو کی مضحکہ خیز حرکت

جس کے بعد ممکنہ طور پر لٹیرے نے مزید رقم کے حصول کے لیے خاتون سے بینک بیلنس دکھانے کا مطالبہ کیا لیکن اس کا دل اس وقت پگھل گیا جب اس نے دیکھا کہ خاتون کے اکاؤنٹ میں مزید کوئی رقم موجود نہیں۔

جس کے بعد نرم دل ڈاکو نے مسکرا کر خاتون کو رقم لوٹا دی اور آگے چل دیا، چینی نشریاتی ادارے جی ٹی این پر مذکورہ واقعہ کی ویڈیو پوسٹ ہوتے ہی چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

لیکن بدقسمتی سے ڈاکو کی جانب سے رحم دلی کا یہ مظاہرہ بھی اسے پولیس کی حراست سے نہیں بچا سکا اور سلاخوں کے پیچھے پہنچا دیا۔ تاہم اس دلچسپ واقعے پر دھڑا ڈھڑ لطیفے ضرور بن گئے جس میں ڈاکو کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔

مزید دیکھیں:جب ڈاکو بھاگنے پر مجبور ہوگئے

ایسے ہی ایک لطیفے میں کہا گیا کہ ’اگر وہ میرا بینک اکاؤنٹ دیکھ لیتا تو رو دیتا اور اپنی ذاتی رقم میرے حوالے کرنے کے ساتھ وہ مجھے اپنی جیکٹ اور خنجر بھی دے جاتا‘۔

تبصرے (1) بند ہیں

HonorBright Mar 13, 2019 09:27pm
Lesson for everyone: Professionalism before Sentimentalism