برازیل: اسکول میں فائرنگ سے بچوں سمیت 10 افراد ہلاک

13 مارچ 2019
پولیس کے مطابق دونوں حملہ آوروں کو بھی مارا گیا—فوٹو:اے پی
پولیس کے مطابق دونوں حملہ آوروں کو بھی مارا گیا—فوٹو:اے پی

برازیل کے شہر ساؤپاؤلو میں ایک اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 حملہ آوروں اور 5 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک اور کئی افراد زخمی ہوگئے ۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ راول برازیل اسکول میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں ہلاکتوں میں مزید اضافے کے خدشات ہیں۔

ساؤپاؤلو کے ریاستی محکمہ ملٹری پولیس کا کہنا تھا کہ ‘سوزانو میں ایک اسکول میں مسلح شخص داخل ہوا اور فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں کئی افراد کو گولیاں لگیں’۔

برازیل کے مقامی ٹی وی چینل ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک استاد اور 5 بچوں کے علاوہ دو نوجوان بھی شامل ہیں اور نوجوانوں کو حملہ آور تصور کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق واقعے میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے۔

مزید پڑھیں:برازیل: چرچ میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک، حملہ آور کی خودکشی

مقامی ٹی وی میں جاری فوٹیج میں بچوں کے اہل خانہ کو ساؤپاؤلو کے گنجان آباد علاقے میں قائم راول برازیل اسکول کے باہر شدید پریشانی کے عالم دیکھا جاسکتا ہے۔

اسکول میں فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹر اور سیکیورٹی سروسز کے عہدیداروں کی بھاری نفری پہنچ گئی۔

یاد رہے کہ 12 دسمبر 2018 کو برازیل کے شہر کیمپیانز کے چرچ میں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 5 افراد کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کی تھی۔

پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ چرچ میں عبادت کا سلسلہ جاری تھا کہ ایک مسلح شخص بندوق کے ساتھ چرچ میں داخل ہوا اور فائرنگ شروع کر دی۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا: اسکول میں فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سمیت 10 ہلاک

پولیس کا کہنا تھا کہ کہ مسلح شخص کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے بعدازاں مسلح شخص نے اسی بندوق سے اپنی بھی جان لے لی۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس امریکا میں بھی اسکولوں میں فائرنگ کے کئی واقعات ہوئے تھے جہاں ایک پاکستانی بچی سمیت کئی افراد جان سے دھو بیٹھے تھے۔

امریکا کی ریاست ٹیکساس کے ہائی اسکول میں 18 مئی 2018 کو مسلح شخص کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ سمیت 10 طالب علم جاں بحق ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں