بھارت کو پانچویں ون ڈے میں بھی شکست، 10 سال بعد سیریز آسٹریلیا کے نام

14 مارچ 2019
آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی سیزیز 2-3 سے اپنے نام کرلی — فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر اکاؤنٹ
آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی سیزیز 2-3 سے اپنے نام کرلی — فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر اکاؤنٹ

آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کی شاندار سنچری اور ایڈم زیمپا کی تباہ کن باؤلنگ کے بدولت بھارت کو پانچویں ون ڈے میں بھی شکست دے دی جس کے ساتھ ہی پانچ میچوں کی سیریز 2-3 سے کینگروز کے نام ہوگئی۔

نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سیریز کے اس آخری میچ میں آسٹریلین کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے مفید ثابت ہوا۔

آسٹریلیا کی جانب سے پاکستانی نژاد عثمان خواجہ نے ایک مرتبہ پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے سنچری اسکور کی۔

مزید پڑھیں: بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست، آسٹریلیا نے ریکارڈ ہدف حاصل کرلیا

عثمان خواجہ نے پہلے ایرون فنچ کے ساتھ 76 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور اس کے بعد دوسری وکٹ کے لیے پیٹرز ہینڈزکمب کے ساتھ مل کر 99 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

ایرون فنچ 27 اور پیٹرز ہینڈزکمب 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ عثمان خواجہ نے 100 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

جے رچرڈسن کے 29، مارکس اسٹوئنس اور ایشٹن ٹرنر کے 20، 20 جبکہ پیٹ کمنز کی 15 رنز کی بدولت آسٹریلین ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے 273 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی بھارتی ٹیم کے بیٹسمین کو آسٹریلین باؤلرز نے ابتدا سے ہی پریشان کیے رکھا، اور بھارتی سورماؤں کو کھل کر کھلینے نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیں: فوجی ٹوپی پہننے والی بھارتی ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 32 رنز سے شکست

پہلے شیکھر دھوان 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو بھارتیوں کی امیدیں روہت شرما اور ویرات کوہلی پر جم گئیں، دونوں ٹیم کا اسکور آگے لے کر بڑھے تو 68 کے مجموعے پر ویرات کوہلی 20 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

روہت شرما کے ساتھ مل کر رشبھ پنٹ اور وجے شنکر نے پارٹنر شپ قائم کی لیکن وہ آسٹریلیا سے فتح چھیننے کے لیے ناکافی ثابت ہوئیں۔

رشبھ پنٹ اور وجے شنکر 16، 16 رنز بنا سکے جبکہ ان کے بعد بھارت کی آخری امید روہت شرما بھی 56 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

ایسے میں کیدار جادھو اور بھونیشور کمار نے 91 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو ایک مرتبہ پھر جیت کے نزدیک کرنے کی کوشش کی جسے آسٹریلین باؤلرز نے نہ صرف ناکام بنایا بلکہ بھارت 50ویں اوور میں آل آؤٹ کرکے اسے 35 رنز سے شکست دے دی۔

مزید پڑھیں: بھارتی ٹیم کی فوجی کیپ: 'یہ کرکٹ نہیں، آئی سی سی کارروائی کرے'

ایڈم زیمپا نے شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے اپنے 10 اوور کے کوٹے میں 46 رنز دے کر 3 ہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ دیگر باؤلرز میں پیٹ کمنز، جے رچرڈسن، مارکس اسٹوئنس نے 2، 2 جبکہ نیتھن لیون ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی سیریز 2-3 سے اپنے نام کرلی جبکہ یہ اس کی 2009 کے بعد پہلی مرتبہ بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی ہے۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے تیسرے ون ڈے میچ میں بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں نے فوجی کیپ پہن کر میچ کھیلا تھا جس میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ اس کے بعد بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف فتح حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے بھارت کو 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیزیز بھی 0-2 سے اپنے نام کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں