جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں بھی شکست دے دی

14 مارچ 2019
جنوبی افریقہ کو سیریز میں 0-4 کی برتری حاصل — فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر اکاؤنٹ
جنوبی افریقہ کو سیریز میں 0-4 کی برتری حاصل — فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر اکاؤنٹ

جنوبی افریقہ نے شاندار باؤلنگ اور بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پورٹ ایلیزبتھ میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹیسٹ سیزیز کی فاتح میزبان ٹیم کو کہیں بھی سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور مقابلے کو یکطرفہ بنادیا۔

سری لنکا کے بیٹسمین ڈیل اسٹین، لنگی نگیڈی فیلکوایو، اینرچ نورٹیئے اور تبریز شمسی کی گیندوں کو سمجھنے میں ہی ناکام رہے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے اسورو اوڈانا نے 78 رنز کی مزاحمت کی لیکن پوری ٹیم 39.2 اوورز میں 189 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔

سری لنکا کی جانب سے اویشکا فرنانڈو 29، دھننجیا ڈی سلوا 22 اور کوسل مینڈس 21 رنز بنا کر دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں شامل ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اینرچ نورٹیئے نے 3 اور اینڈائل فیلکوایو نے 2 جبکہ ڈیل اسٹین، لنگی نگیڈی، تبریز شمسی اور جے پی ڈومینی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقی ٹیم کے لیے اپنے ہوم گراؤنڈ میں 190 رنز کے ہدف کا تعاقب مشکل نہ تھا اور اس نے یہ ہدف 33ویں اوور میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

میزبان ٹیم کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک 51، کپتان فاف ڈو پلیسی 43 اور جے پی ڈومینی 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

سری لنکن ٹیم ہدف کے دفاع میں تو ناکام رہی لیکن اس کے دھننجیا ڈی سلوا نے 10 اوورز میں 41 رنز سے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور نمایاں رہے۔

شکست کے باوجود سری لنکا کے اسورو اڈانا کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

خیال رہے کہ پانچ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو سری لنکا کے خلاف ناقابل شکست 0-4 کی نمایاں برتری حاصل ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری میچ 16 مارچ کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے رواں دورے کے دوران ہی جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیزی میں 1-2 سے شکست دی تھی اور یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی ایشیائی ٹیم بنی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں