آنگن ٹیڑھا، ناچ نہ جانے میں بدل گیا

آنگن ٹیڑھا کے اس تھیڑ پلے کو ’ناچ نہ جانے‘ کا نام دیا گیا ہے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
آنگن ٹیڑھا کے اس تھیڑ پلے کو ’ناچ نہ جانے‘ کا نام دیا گیا ہے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستانی اداکارہ سارہ بھٹی نے کچھ عرصہ قبل ہی ڈراموں میں اداکاری شروع کی ہے اور اب وہ اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے کے لیے کچھ نیا کرنے جارہی ہیں۔

اداکارہ سارہ بہت جلد انور مقصود کے تھیٹر پلے ’ناچ نہ جانے‘ میں کام کرتی نظر آئیں گی، جس کی ہدایات داور محمود دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: آنگن اب بھی ٹیڑھا ہے

یہ انور مقصود کے کامیاب ڈرامے ’آنگن ٹیڑھا‘ سے متاثر ہوکر بنایا جارہا ہے، جس میں اداکار یاسر حسین بھی ’اکبر‘ کے کردار کے ساتھ 7 سال بعد تھیٹر پر پرفارم کرتے نظر آئیں گے۔

اداکارہ سارہ بھٹی نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ بھی شیئر کی، جس میں وہ اس تھیٹر ڈرامے کے کردار میں ہی نظر آرہی ہیں۔

اپنی تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’میں زیادہ پروجیکٹس پر کام نہیں کرتی، اس لیے نہیں کہ میں گھمنڈی ہوں، بلکہ اس لیے کہ کردار مجھے متاثر نہیں کرتے‘۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’اب اتنے مہینوں بعد میں ایک بالکل مختلف کردار نبھانے جارہی ہوں، ایک ایسا پلے جسے انور مقصود نے تحریر کیا، آنگن ٹیڑھا کا پریکوئل، میں اس پلے میں جہان آرا بنی ہوں، مجھے تھیٹر بےحد پسند ہے اور میں طویل عرصے سے تھیٹر ڈراموں میں کام کرنا چاہتی تھی‘۔

خیال رہے کہ ’آنگن ٹیڑھا‘ پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کا کامیاب ڈرامہ ہے، جس کی کہانی میاں بیوی اور ان کے ملازم پر مبنی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ٹیلی وژن کے یادگار ڈرامے

اس ڈرامے میں اداکار سلیم ناسر نے اکبر نامی سابق کلاسیکل ڈانسر کا کردار نبھایا تھا جو سرکاری ملازم محمود احمد (شکیل) اور ان کی اہلیہ جہان آرا (بشریٰ انصاری) کے گھر میں ملازم تھے۔

اس ڈرامے کے تھیٹر ’ناچ نہ جانے‘ میں یاسر حسین اکبر کا کردار نبھا رہے ہیں، جہان آرا کا کردار سارہ بھٹی ادا کرتی نظر آئیں گی جبکہ محمود احمد کا کردار ادا کرنے والے اداکار کا نام اب تک سامنے نہیں آیا۔

ناچ نہ جانے کا آغاز آج یعنی 14 مارچ سے کراچی کے آرٹس کونسل میں ہوگا جو 31 مارچ تک جاری رہے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں