نئے جنی نے کیا پرانے جنی کو خراج تحسین پیش

1992 میں روبن ولیمز نے جنی کو اپنی آواز دی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
1992 میں روبن ولیمز نے جنی کو اپنی آواز دی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بچوں اور بڑوں سب ہی کو ڈزنی کی اینیمیٹڈ فلم ’الہ دین‘ کے لائیو ایکشن ریمیک کا انتظار ہے۔

فلم الہ دین کا سب سے نامور کردار جنی کا تھا، 1992 کی اس کارٹون فلم میں جنی کے کردار کو نامور اداکار روبن ولیمز نے اپنی آواز دی تھی۔

اور اب جلد ریلیز ہونے والے اس لائیو ایکشن ریمیک میں جنی کا کردار ول اسمتھ نبھانے جارہے ہیں، جنہوں نے اپنے انسٹاگرام پر روبن ولیمز کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں: ’الہ دین‘ کے نئے ٹیزر میں جنی کے کردار کی دھوم

50 سالہ ول اسمتھ نے اپنی پوسٹ میں دو جنی کی تصویر شیئر کی، جس میں سے ایک وہ ہیں، جبکہ دوسرا روبن ولیمز کی جانب سے نبھایا کردار ہے۔

اس پر اداکار نے لکھا کہ ’میں جانتا ہوں کہ جنیز کے پیر نہیں ہوتے، لیکن آپ نے جو کردار نبھایا مجھے اس تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کرنی ہوگی‘۔

روبن ولیمز کا انتقال 2014 میں ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل الہ دین فلم کا پہلا مکمل ٹریلر ریلیز کیا گیا تھا۔

اس ٹریلر میں زیادہ توجہ الہ دین اور جنی کے تعلق پر دی گئی ہے جبکہ ول اسمتھ نے مزاح کے ساتھ دونوں کرداروں کے خوبصورت بندھن کی عکاسی کی ہے اور لوگوں کو یاد دلایا ہے کہ جنی سوشل میڈیا میم سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مایوس کاسٹنگ کے بعد ’الہ دین‘ کا جادوئی ٹیزر

خیال رہے کہ گزشتہ سال فلم کا ٹیزر بھی سامنے آیا تھا، جسے سوشل میڈیا پر خوب مقبولیت ملی۔

فلم ’الہ دین‘ میں الہ دین کا کردار کینیڈین اداکار مینا مسعود ادا کررہے ہیں، جبکہ برطانوی اداکارہ ناومی سکاٹ فلم میں 'جاسمین' بنی ہیں۔

فلم رواں سال 21 مئی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں