’والد نے کم عمری سے جنسی طور پر ہراساں کرنا شروع کیا‘

والد نے کئی سال تک نشانہ بنایا، اداکارہ—فوٹو: ای آن لائن
والد نے کئی سال تک نشانہ بنایا، اداکارہ—فوٹو: ای آن لائن

معروف امریکی کامیڈین، لکھاری، فلم پروڈیوسر، میگزین ایڈیٹر، خواتین اور مخنث افراد کے حقوق کی علمبردار اور متنازع ٹی وی سیلیبرٹی روزی اوڈنیل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں والد کئی سال تک جنسی طور پر ہراساں کرتے رہے۔

معروف شوبز ویب سائٹ ’ای آن لائن‘ کے مطابق آنے والی کتاب ’لیڈیز ہو پنچ: دی ایکسپلوزو انسائڈ اسٹوری آف دی ویو بائے ورائٹی‘ میں شامل 56 سالہ اداکارہ و لکھاری روزی اوڈنیل کے مضمون میں حیران کن انکشافات کیے گئے ہیں۔

اس کتاب میں روزی اوڈنیل سمیت دیگر معروف اداکاراؤں، لکھاریوں، سماجی کارکنان اور گلوکاراؤں کی کہانیاں بھی شامل ہیں۔

یہ کتاب آئندہ ماہ 2 اپریل تک فروخت کے لیے پیش کی جائے گی۔

کتاب میں میزبان، کامیڈین، لکھاری اور اپنے جنسی رجحانات کی وجہ سے متنازع رہنے والی روزی اوڈنیل کی کہانی بھی شامل ہے، جس میں انہوں نے اپنے ساتھ بچپن میں ہونے والی زیادتیوں سے پردہ اٹھایا ہے۔

روزی اوڈنیل نے اپنی کہانی میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں اپنے ہی والد نے کم عمری میں جنسی طور پر ہراساں کرنا شروع کیا۔

اداکارہ اپنی ساتھی مائیکل راؤنڈس کے ہمراہ—فوٹو: ایکسٹرا
اداکارہ اپنی ساتھی مائیکل راؤنڈس کے ہمراہ—فوٹو: ایکسٹرا

متنازع کامیڈین و لکھاری کے مطابق انہیں ان کے والد نے ان کی والدہ کے ہوتے ہوئے نشانہ بنانا شروع کیا، تاہم یہ سلسلہ اس وقت تیز ہوگیا جب ان کی والدہ چل بسیں۔

روزی اوڈنیل نے انکشاف کیا کہ ان کے والد نے انہیں 10 سال کی عمر سے جنسی طور پر ہراساں کرنا شروع کیا۔

اداکارہ و لکھاری کا کہنا تھا کہ ان کے والد اپنے بچوں سے پریشان تھے، کیوں کہ وہ تن تنہا 5 بچوں کی پرورش کے ذمہ دار تھے اور انہیں بچوں کی دیکھ بھال و پرورش کا تجربہ نہیں تھا۔

اداکارہ کے مطابق کسی بھی بچے کو کم عمری میں اپنے ہی خاندان کے فرد کی جانب سے نشانہ بنایا جانا کسی طرح بھی بچے کے لیے بہتر نہیں ہوتا۔

رپورٹ کے مطابق روزی اوڈنیل کے یہ انکشاف ان کی جانب سے 1996 سے 2002 تک مختلف ٹی وی شوز کے درمیان دیے گئے بیانات سے لیے گئے ہیں۔

ساتھ ہی کتاب میں روزی اوڈنیل کے حوالے سے کئی نئی باتیں بھی شامل کی گئی ہیں۔

روزی اوڈنیل ساتھی کیلی کارپینٹر کے ہمراہ—فوٹو: ہف پوسٹ
روزی اوڈنیل ساتھی کیلی کارپینٹر کے ہمراہ—فوٹو: ہف پوسٹ

یہ کتاب لکھاری ریمن سیٹوڈ نے ترتیب دی ہے، اس کتاب کو ایمازون سے آن لائن بھی خریدا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ روزی اوڈنیل کے والد 2015 میں انتقال کر چکے ہیں، وہ پیشے کے لحاظ سے تعمیراتی انجنیئر تھے۔

روزی اوڈنیل نے محض 15 سال کی عمر سے ماڈلنگ کا آغاز کیا، بعد ازاں انہوں نے ٹی وی پر بھی کئی کردار ادا کیے۔

روزی اوڈنیل نہ صرف کامیڈین ہیں بلکہ وہ ٹی وی میزبان، لکھاری اور انسانی حقوق اور خصوصی طور پر خواتین و مخنث افراد کے حقوق کی علمبردار ہیں۔

روزی اوڈنیل کو اپنے جنسی رجحانات کی وجہ سے متنازع مانا اور سمجھا جاتا ہے۔

انہوں نے 2 شادیاں کی اور دونوں ہی شادیاں ہم جنس پرستی کےتحت کیں۔

روزی اوڈنیل خواتین اور مخنث افراد کے حقوق سے متعلق بھی کام کرتی ہیں—فوٹو: جوائے 105 ڈاٹ کام
روزی اوڈنیل خواتین اور مخنث افراد کے حقوق سے متعلق بھی کام کرتی ہیں—فوٹو: جوائے 105 ڈاٹ کام

اگرچہ انہوں نے ابتدائی طور پر اپنے جنسی رجحانات کو خفیہ رکھا، تاہم 2012 میں انہوں نے پہلی بار تسلیم کیا کہ وہ ہم جنس پرست ہیں۔

کتاب میں دیگر خواتین کی کہانیاں بھی شامل ہیں—فوٹو: ایمازون
کتاب میں دیگر خواتین کی کہانیاں بھی شامل ہیں—فوٹو: ایمازون

روزی اوڈنیل نے پہلی شادی 51 سالہ کیلی کارپینٹر سے 2004 میں کی اور اسی سال دونوں میں علیحدگی بھی ہوگئی، دونوں نے 4 بچے بھی گود لیے۔

روزی اوڈنیل نے دوسری ہم جنس شادی کنسلٹنٹ مائیکل راؤنڈس سے 2012 میں کی اور دونوں کے درمیان 2015 میں علیحدگی ہوگئی، دونوں نے ایک بچہ گود لیا۔

اس وقت روزی اوڈنیل گود لیے گئے پانچوں بچوں کی پرورش کر رہی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں