افغانستان: فضائی حملوں میں 31 دہشت گرد ہلاک

15 مارچ 2019
یہ واضح نہیں کیا گیا کہ فضائی حملہ کس نے کیا — فوٹو: وکی میڈیا کامنز
یہ واضح نہیں کیا گیا کہ فضائی حملہ کس نے کیا — فوٹو: وکی میڈیا کامنز

جنوب مشرقی افغانستان میں فضائی حملے میں القاعدہ کے جنگجوؤں سمیت 31 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق حکام نے کہا کہ فضائی حملے بدھ کو رات گئے صوبہ غزنی میں کیے گئے۔

افغان وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا کہ حملوں میں دہشت گردوں کی 'بیس' کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ 'القاعدہ کا سہولت کار قاری آصف، 9 خودکش بمباروں سمیت 31 دہشت گردوں کو یہاں سے کئی گاڑیوں کے ذریعے منتقل کر رہا تھا جس دوران فضائی حملہ ہوا۔'

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: طالبان کے حملے میں 21 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

وزارت دفاع کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق مشرق وسطیٰ کے دہشت گرد گروپ سے تھا۔

تاہم غزنی کے گورنر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں میں طالبان سے منسلک حقانی نیٹ ورک کے جنگجو بھی موجود تھے۔ افغان وزارت دفاع نے واضح نہیں کیا کہ یہ فضائی حملہ کس نے کیا۔

تاہم افغانستان میں صرف افغان اور امریکی فورسز فضائی حملے کرتی ہیں۔

غزنی کے گورنر کے ترجمان محمد عارف نوری نے کہا کہ فضائی حملے امریکی فوج نے کیے، تاہم ابتدائی طور پر اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

مزید پڑھیں: افغانستان: ہرات میں جنگجوؤں کا حملہ، 9 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

اگرچہ 'القاعدہ' کی جانب سے افغانستان میں کوئی بڑا حملہ نہیں کیا گیا تاہم افغان اور امریکی حکام، گروپ کو اب بھی خطرہ سمجھتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں