بریگیڈیئر (ر) اسد منیر اسلام آباد میں مردہ حالت میں پائے گئے، پولیس

اپ ڈیٹ 21 مارچ 2019
گزشتہ روز نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے 2 انکوائریز اور 3 ریفرنسز شروع کرنے کی منظوری دی تھی جن میں سے ایک بریگیڈیئر (ر) منیر کے خلاف تھی۔ فوٹو: فیس بک اکاؤنٹ
گزشتہ روز نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے 2 انکوائریز اور 3 ریفرنسز شروع کرنے کی منظوری دی تھی جن میں سے ایک بریگیڈیئر (ر) منیر کے خلاف تھی۔ فوٹو: فیس بک اکاؤنٹ

کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے سابق رکن بریگیڈیئر (ر) اسد منیر اسلام آباد میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

سیکریٹریٹ تھانے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) اسجد نے ڈان کو بتایا کہ ’یہ خودکشی کا کیس ہے، کرمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 174 (جس میں خودکشی کے کیسز بیان ہیں) کے تحت فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرلی گئی ہے۔

ایس ایچ او نے مزید کہا کہ متوفی کے اہل خانہ نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے سے انکار کردیا ہے اور لاش کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اہلخانہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

پمز ہسپتال کے سینیئر ڈاکٹر نے ڈان کو بتایا لاش کا پوسٹ مارٹم نہیں ہوسکا تاہم لاش پر ابھرنے والے نشانات خودکشی ظاہر کرتے ہیں۔

ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ لاش پر کسی قسم کی مزاحمت کے نشانات عیاں نہیں تھے اور انہیں قتل نہیں کیا گیا۔

بریگیڈیئر (ر) منیر اسلم کے بھائی خالد منیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایا کہ ان کے بھائی چل بسے ہیں اور ان کی نماز جنازہ ایچ-8 قبرستان میں شام 5 بجے ادا کی جائے گی۔

تاہم انہوں نے ان کی مرنے کی وجہ نہیں بتائی۔

خیال رہے کہ متوفی اسلام آباد کے ڈپلومیٹک ایونیو میں ایک اپارٹمنٹ میں قیام پذیر تھے۔

ان کا قومی خفیہ اداروں سے بھی تعلق رہا ہے جبکہ انہیں خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں میں کام کرنے کا تجربہ حاصل تھا۔

اسد منیر کی نماز جنازہ ادا

بریگیڈیر ریٹارئرڈ اسد منیر کی نماز جنازہ مقامی قبرستان ایچ ایٹ فور میں ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فرحت اللہ بابر، بیرسٹر جاوید عباسی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز اور وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے 2 انکوائریز اور 3 ریفرنسز شروع کرنے کی منظوری دی تھی جن میں سے ایک بریگیڈیئر (ر) منیر کے خلاف تھی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے متوفی کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے بھی ان کے انتقال پر حیرت اور افسوس کا اظہار کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں