ڈیرہ مراد جمالی میں ریلوے ٹریک پر دھماکا، 4 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 17 مارچ 2019
ڈیرہ مراد جمالی میں ریلوے ٹریک پر دھماکے سبب ٹرین الٹی ہوئی ہے— تصویر بشکریہ علی شاہ
ڈیرہ مراد جمالی میں ریلوے ٹریک پر دھماکے سبب ٹرین الٹی ہوئی ہے— تصویر بشکریہ علی شاہ

بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں پٹڑی پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جعفرآباد ایکسپریس کی بوگیاں ٹریک سے اترنے سے ماں بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔

ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے ربی میں ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں کوئٹہ جانے والی جعفرآباد ایکسپریس کی متعدد بوگیاں الٹ گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے دھماکا خیز مواد کے ذریعے مسافر ٹرین کو نشانہ بنایا اور جیسے ہی مسافر ٹرین ڈیرہ مراد جمالی پہنچی تو دھماکا ہو گیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: مسافر ٹرین پر بم حملہ، 5 افراد زخمی

ڈسٹرکٹ پولیس افسر عرفان بشیر نے کہا کہ دھماکے سے ٹریک کے ایک حصے کو نقصان پہنچا، حملے کا نشانہ بننے والی جعفرآباد ایکسپریس راولپنڈی سے کوئٹہ جا رہی تھی۔

حادثے کے نتیجے میں ماں بیٹی سمیت 4 مسافر جاں بحق اور خواتین و بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

جعفرآباد ایکسپریس کی بوگی الٹی ہوئی ہے— تصویر بشکریہ علی شاہ
جعفرآباد ایکسپریس کی بوگی الٹی ہوئی ہے— تصویر بشکریہ علی شاہ

حادثے کے سبب مذکورہ ریلوے ٹریک سے گزرنے والی نواب بگٹی ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینوں کی آمد و رفت کو روک دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان:ریلوے ٹریک پر یکے بعد دیگرے 2 دھماکے، 6 ہلاک

حادثے کے بعد پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

بلوچستان میں ٹرینوں کو اکثر و بیشتر حادثات پیش آتے رہتے ہیں، جبکہ شدت پسندوں کی جانب سے ریلوے ٹریکس کو بھی نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں