ڈبلیو ڈبلیو ای نے اپنے بڑے اسٹار کو غیرمتوقع سزا سنادی

رونڈا راؤسی اور بیکی لنچ — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
رونڈا راؤسی اور بیکی لنچ — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

رونڈا راؤسی را ویمن چیمپئن ہیں اور ریسل مینیا 35 کے مین ایونٹ میں بیکی لنچ اور شیرولیٹ فلیئر کے خلاف اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی۔

مگر اس کے ساتھ ساتھ دوستانہ مزاج رکھنے والی ریسلر سے وہ تیزی سے ایک مشتعل اور ولن جیسی شخصیت میں تبدیل ہورہی ہیں جو کہ ممکنہ طور پر ریسل مینیا کے میچ کے لیے اسٹوری کا حصہ ہوسکتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ رونڈا کی جانب سے ڈبلیو ڈبلیو ای اور اس میں کام کرنے والے ریسلرز کے حوالے سے کافی دلچسپ بیانات حالیہ ہفتوں میں سامنے آئے ہیں۔

مگر اب ٹوئیسٹ اس وقت سامنے آیا جب ڈبلیو ڈبلیو ای نے رونڈا راﺅسی کو سزا سنانے کا اعلان کردیا۔

ڈبلیو ڈبلیو ای ڈاٹ کام پر جاری بیان میں اعلان کیا گیا کہ را ویمن چیمپئن پر 'غیر پیشہ وارانہ اقدامات' پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے مگر یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ جرمانہ کتنی مالیت کا ہے۔

گزشتہ پیر کو منڈے نائٹ را میں رونڈا راﺅسی نے تند و تیز بیان دینے کے بعد ایک خاتون ریسلر ڈانا بروک کو اپنے داﺅ آرم بار کا شکار بنانے کے بعد ایک ریفری کو بھی گھونسہ مار دیا تھا۔

اس سے قبل اپنے یوٹیوب چینیل میں بھی رونڈا نے ڈبلیو ڈبلیو ای اور اس کے مداحوں کو ہدف بنایا تھ۔

انہوں نے کہا تھا کہ وہ اب ڈبلیو ڈبلیو ای میں مزید اداکاری نہیں کریں گی۔

ان کا کہنا تھا 'میں رنگ میں جاﺅں گی اور وہ سب کچھ کروں گی جو میں چاہتی ہوں، کمپنی اس کی جو مرضی وضاحت کرتی رہے مگر مجھے اب کسی کی پروا نہیں۔ میں اعتراف کرتی ہوں کہ میں اس کھیل کا احترام نہیں کررہی جس سے مداح محبت کرتے ہیں'۔

یعنی انہوں نے واضح کیا کہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ اسکرپٹ کے تحت ہوتا ہے اور اس میں اصل کچھ بھی نہیں ہوتا۔

رونڈا کا کہنا تھا 'یہ کھیل بناوٹی ہے، یہ اصل نہیں، حقیقت میں کوئی بھی ریسلر مجھے چھو بھی نہیں سکتی'۔

ایک اور یوٹیوب ویڈیو میں رونڈا نے واضح کیا تھا کہ انہیں ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بننا پسند ہے مگر ان کے پاس دیگر آپشنز بھی ہیں۔

انہوں نے کہا 'مجھے ریسلنگ پسند ہے، میں اس کام سے بہت محبت کرتی ہوں، مگر مجھے اسے کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، تھوڑی سی بھی نہیں'۔

انہوں نے مزید کہا 'اگر مجھے خوش نہیں رکھا گیا تو میں کمپنی سے باہر جانے کا حق رکھتی ہوں اور خوش باش زندگی گزار سکتی ہوں'۔

اس سے قبل جنوری میں ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ رونڈا ریسل مینیا 35 کے فوری بعد ڈبلیو ڈبلیو ای کو چھوڑ سکتی ہیں۔

رونڈا راﺅسی جنوری 2018 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بے بی فیس کی شکل میں بنی تھیں اور پہلے مقابلے میں ریسل مینیا 34 میں ٹرپل ایچ اور ان کی اہلیہ کے مدمقابل آئی تھیں۔

مگر بیکی لنچ کی مقبولیت میں اضافے کے بعد سے رونڈا راﺅسی پر مداحوں کی تنقید بڑھنے لگی تھی اور اس کے جواب میں ریسلر کے رویے میں تبدیلی آنا شروع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں