وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دورے پر چین پہنچ گئے

اپ ڈیٹ 18 مارچ 2019
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تین روز تک جاری رہنے والے اس دورےکے دوران وزیر خارجہ کی چینی قیادت کے ساتھ ملاقات بھی متوقع ہے۔
فوٹو: پی آئی ڈی، ٹوئٹر اکاؤنٹ
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تین روز تک جاری رہنے والے اس دورےکے دوران وزیر خارجہ کی چینی قیادت کے ساتھ ملاقات بھی متوقع ہے۔ فوٹو: پی آئی ڈی، ٹوئٹر اکاؤنٹ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پہلے پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک مذاکرات میں شرکت کے لیے بیجنگ پہنچ گئے۔

تین روزہ دورے کے دوران دونوں ممالک باہمی تعاون کے تمام تر امور پر جامع بات چیت کریں گے، جس میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سرِفہرست ہے۔

اس کے ساتھ دونوں فریقین خطے کی صورتحال اور کثیرالجہتی تعاون کے معاملے پر بھی گفتگوکریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ٹوئٹ کر کے وزیر خارجہ کے دورہ چین کے حوالے سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی کا 3 ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطہ

اس کے علاوہ وزیر خارجہ سی پیک پر سیاسی جماعتوں کے فورم سے خطاب کریں گے جبکہ دونوں ممالک کی حکمراں جماعتوں، پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا، کے درمیان بات چیت میں بھی شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تین روز تک جاری رہنے والے اس دورےکے دوران وزیر خارجہ کی چینی قیادت کے ساتھ ملاقات بھی متوقع ہے۔

اس سلسلے میں دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر خارجہ کے دورہ چین سے مختصر اور وسیع تر باہمی تعلقات کی رفتار تیز ہوگی اور سی پیک کے تحت اقتصادی تعاون کی کوششوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: سی پیک کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے، شاہ محمود قریشی

چین روانہ ہونے سے قبل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ان کے دورہ چین پہلے سے ہی طے شدہ تھا۔

اس موقع پر چین کی جانب سے پاکستان کے لیے حالیہ حمایت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چین نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانیہ، فرانس، اور امریکا کی جانب سے جیشِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دلوانے اور اقوامِ متحدہ کی کالعدم فہرست میں شامل کرنے کے لیے سلامتی کونسل میں قرار داد پیش کی تھی جسے ایک مرتبہ پھر چین نے ویٹو کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے چینی سفیر کی ملاقات

واضح رہے کہ یہ تیسرا موقع تھا جب اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے مسعود اظہر پر پابندی عائد کرنے کے لیے قرار داد پیش کی گئی اور تینوں مرتبہ چین نے اسے ویٹو کردیا۔


یہ خبر 18 مارچ 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں