’ہمارے درمیان موجود دہشتگردوں سے پیچھا چھڑانا ہوگا‘

اپ ڈیٹ 18 مارچ 2019
نیشنل ایکشن پلان پر مکمل طور پر عمل کیا جائے— فوٹو : ڈان نیوز
نیشنل ایکشن پلان پر مکمل طور پر عمل کیا جائے— فوٹو : ڈان نیوز

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پر عمل کرکے ہم میں موجود دہشت گردوں کی شناخت کرکے ان سے پیچھا چھڑانا چاہیے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ 70 ہزار پاکستانی دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں اس لیے بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اور پریس کانفرنس میں بھی نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے درمیان موجود دہشت گردوں کی شناخت کرکےان سے پیچھا چھڑانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر مطالبہ کررہا ہوں کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل طور پر عمل کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں دہشت گردی نے سر اٹھانے کی کوشش کی تھی لیکن دہشت گردوں کا نیٹ ورک پکڑا گیا تھا اور اس صوبے میں دہشت گردوں کے لیے معافی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص دہشت گردی کرتا ہے اس کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، نیوزی لینڈ سمیت کوئی جگہ محفوظ نہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ پر امن ملک کہلاتا ہے لیکن وہاں مسلمانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کل کراچی میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل ہوا اس سے قبل 7 میچز منعقد ہوئے، کل ہمارے لیے بڑا امتحان تھا خاص طور پر ایسے ماحول میں جب ہمارے دشمن جنگ کی باتیں کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پہلے 5 میچز کی بات کی گئی تھی پھر 8 میچز منعقد کروانے کی بات کی گئی اور ہم نے یہ چیلنج قبول کیا ہمیں فخر ہے کہ گزشتہ برس فائنل کراچی میں ہوا اور اس برس بھی۔

مزید پڑھیں: کالعدم تنظیموں کےخلاف کارروائی: حکومت کی نیت پر شک ہے، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں حکومت سندھ اور یہاں کے عوام کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ لوگ جو صوبہ سندھ کی ترقی نہیں چاہتے تھے ان کے ارادے نیست و نابود ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پچھلے سال کہا تھا کہ مزید میچز کروائیں گے اور اس برس ہم 8 میچز منعقد کروانے میں کامیاب ہوئے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل جیتنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو مبارکباد دیتا ہوں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل کی انتطامیہ بھی مبارکباد کی مستحق ہے، کراچی میں پی ایس ایل ایونٹ کے دوران کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا کامیاب انعقاد سندھ بالخصوص کراچی کی کامیابی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ درحقیقت امن جیتا ہے،مسکراہٹیں جیتیں ہیں،اتحاد جیتا ہے اور اس سے بڑھ کر پاکستان جیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان 8 میچز کے دوران کراچی کے عوام نے بھرپور تعاون کیا جس کی مثال نہیں ملتی۔

یہ بھی پڑھیں: آغا سراج کے گھر چھاپہ: ’چیئرمین نیب تحقیقات کریں ورنہ ہم ایکشن لیں گے‘

مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد سندھ بالخصوص کراچی کی کامیابی ہے کراچی کی روشنیاں لوٹ آئی ہیں،ہمیں پرانا کراچی مل گیا ہے، پورا پاکستان بھی جلد جگمگا اٹھے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں دوسرے فائنل کے انعقاد کے بعد کہا جارہا ہے کہ تمام میچز پاکستان میں کروائیں جائیں گے یہ سندھ کی بڑی کامیابی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں پرانا کراچی مل گیا، پرانا پاکستان بھی جلد ملے گا، جب پورے پاکستان میں امن ہوگا جب ہم ایسی حکومتیں دیکھیں گے جنہیں لوگوں کی تکلیف کا احساس ہو جو ایسی باتیں نہ کریں کہ لوگوں کی چیخیں نکلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایسی حکومتیں جنہیں احساس ہوں کہ حکومت لوگوں کے ووٹ سے بنتی ہیں اگر کسی اور طریقے سے مل گئی ہےتو اسی کا پاس رکھ لیں لیکن لوگوں کی خدمت کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں