'سی پیک کے دوسرے مرحلے سے پاکستان میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا'

18 مارچ 2019
پاکستان، بھارت کے ساتھ بھی تمام تصفیہ طلب امور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے، شاہ محمود قریشی — فوٹو: حکومت پاکستان ٹویٹر
پاکستان، بھارت کے ساتھ بھی تمام تصفیہ طلب امور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے، شاہ محمود قریشی — فوٹو: حکومت پاکستان ٹویٹر

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کے آغاز سے پاکستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

بیجنگ میں چائنا انسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل اسٹریٹیجک اسٹڈیز (سی آئی آئی ایس ایس) میں چینی اسکالرز سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور چین نہ صرف گہرے دوست ہیں بلکہ دونوں ممالک کے تعلقات اسٹریٹیجک شراکت داری کی بنیاد پر استوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے آغاز سے پاکستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد بھارتی جارحیت کا جواب پاکستان نے حوصلے اور بردباری سے دیا، پاکستان خطے میں قیام امن کا داعی ہے اور جنوبی ایشیا میں اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ بھی تمام تصفیہ طلب امور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سی پیک کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی نے خطاب کے بعد انسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل اسٹریٹیجک اسٹڈیز کا دورہ بھی کیا اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تین روزہ دورے پر چین پہنچے تھے۔

وہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری سمیت باہمی دلچسپی کے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کے لیے پاکستان ۔ چین تذویراتی مکالمے میں شرکت کریں گے۔

اس کے ساتھ دونوں فریقین خطے کی صورتحال اور کثیرالجہتی تعاون کے معاملے پر بھی گفتگو کریں گے۔

شاہ محمود قریشی، چین کے سینئر رہنماؤں اور چینی وزیر خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

چین روانہ ہونے سے قبل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ان کے دورہ چین پہلے سے ہی طے شدہ تھا۔

اس موقع پر چین کی جانب سے پاکستان کے لیے حالیہ حمایت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چین نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانیہ، فرانس، اور امریکا کی جانب سے جیشِ محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دلوانے اور اقوامِ متحدہ کی کالعدم فہرست میں شامل کرنے کے لیے سلامتی کونسل میں قرار داد پیش کی تھی جسے ایک مرتبہ پھر چین نے ویٹو کردیا تھا۔

یہ تیسرا موقع تھا جب اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے مسعود اظہر پر پابندی عائد کرنے کے لیے قرار داد پیش کی گئی اور تینوں مرتبہ چین نے اسے ویٹو کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں