وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور سابق صدر آصف علی زرداری کو 'این آر او' مانگتے نہیں سنا لیکن شہباز شریف کو این آر او مانگتے سنا ہے۔

ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 'شہباز شریف نے اپنے لیے 'این آر او' لیا یا نہیں یہ مجھے نہیں معلوم لیکن انہیں این آر او مانگتے سنا ہے جبکہ نواز شریف، مریم نواز اور آصف علی زرداری کو این آر او مانگتے نہیں سنا۔'

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف کھیلنا چاہتے ہیں لیکن وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے والے بڑے بڑوں کو آخر میں آؤٹ ہوتے دیکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف چاہتے ہیں مریم نواز کو این آر او مل جائے، شیخ رشید

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے پاس ڈھیل اور ڈیل کی کوئی گنجائش نہیں، چور، ڈاکو اور لٹیرے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، یہ لوگ حکمراں ہوں تو ٹارزن بنے پھرتے ہیں لیکن 4 دن بھی جیل میں نہیں رہ سکتے، انہیں پاکستان کی دوائیں پسند ہیں، ڈاکٹر اور نہ ہسپتال، ان کا صرف ایک ہی مسئلہ ہے کہ انہیں ضمانت مل جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) والے چاہتے ہیں ان کے تمام کیسز سندھ میں اور مسلم لیگ (ن) کی خواہش ہے کہ ان کے کیسز لاہور میں لگیں، پیپلز پارٹی کو آسان ہدف چاہیے، وہ سخت کی طرف رخ نہیں کرتے تاہم ان میں اچھے لوگ بھی ہیں۔

وزیر ریلوے نے بلاول بھٹو زرداری سے متعلق کہا کہ 'انہوں نے مجھ پر 2 مرتبہ حملے کیے اور دونوں بار میں نے معاف کیا لیکن تیسری دفعہ کے بعد گنجائش نہیں، میں نے بلاول کے بارے میں کہا ہے کہ وہ بچہ ہے، بچ کر کھیلے تو اچھا ہے۔'

مزید پڑھیں: بلاول پر تنقید، پیپلز پارٹی کا شیخ رشید کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

انہوں نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ریموٹ بم سے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کی موثر پیٹرولنگ جاری ہے، لیکن یہ حملہ ریموٹ بم سے کیا گیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے کیس کے حوالے سے سوال پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ایل این جی کیس میں جو ثبوت اور بیانات دیئے ان سے شاہد خاقان عباسی کسی صورت نہیں بچ سکتے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان 27 مارچ کو ترکی کا دورہ کریں گے جہاں 'ایم ایل ون' معاہدے پر دستخط کا امکان ہے، جبکہ 30 مارچ کو وہ جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں