5 روز سے لاپتہ 2 ڈاکٹروں کی لاش فتح جنگ سے بر آمد

اپ ڈیٹ 19 مارچ 2019
پولیس کے مطابق مقتولین کو ان کی زمین پر کام کرنے والے ملازمین نے قتل کیا — فائل فوٹو
پولیس کے مطابق مقتولین کو ان کی زمین پر کام کرنے والے ملازمین نے قتل کیا — فائل فوٹو

پنجاب کے ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ کے ڈیم سے 5 روز سے لاپتہ 2 ڈاکٹروں کی لاشیں برآمد کر لی گئیں۔

پولیس کے مطابق ڈاکٹر افتخار احمد اور ڈاکٹر عزیز احمد کی لاشوں پر گولیوں اور تشدد کے نشانات واضح تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کے قتل میں ان کے ملازمین ملوث ہوسکتے ہیں۔

13 مارچ کو لاپتہ ہونے والے ڈاکٹروں کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق ڈاکٹر افتخار جو امریکا میں رہتے تھے، فتح جنگ میں کچھ زمینوں کے مالک تھے جبکہ ڈاکٹر عزیز ان زمینوں کی دیکھ بھال کر رہے تھے۔

مزید پڑھیں: بیلی ڈانسر کو قتل کرکے ان کے ٹکڑے کردیے گئے

13 مارچ کو ڈاکٹر افتخار کی پاکستان آمد پر ڈاکٹر عزیز انہیں اسلام آباد سے فتح جنگ کے علاقے علی جہانگیر میں ان کی زمین پر کام کا معائنہ کرانے کے لیے لے کر آئے تھے۔

دونوں افراد 13 مارچ کی ہی شام کو اسلام آباد جاتے ہوئے لاپتہ ہوئے تھے جس کی ایف آئی آر فتح جنگ تھانے میں درج کی گئی تھی۔

آج دونوں کی لاشیں ڈھوک صوبہ میں قائم چھوٹے سے ڈیم سے بر آمد ہوئیں جس کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے فتح جنگ کے اسٹیشن ہاؤس افسر عابد منیر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر افتخار کی فتح جنگ میں 46 کینال زرعی اراضی تھی جسے وہ فروخت کرنا چاہتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈاکٹر افتخار کے زمینوں کو فروخت کرنے کے ارادے کے حوالے سے معلوم ہونے کے بعد ان کے 3 ملازمین نے ڈاکٹروں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: جیکب آباد: 10 سالہ بچی کا قتل، ملزمان کو عمر قید کی سزا

ایس ایچ او کے مطابق تینوں ملازمین نے پہلے ڈاکٹر عزیز کو قتل کیا اور بعد ازاں ڈاکٹر افتخار سے بندوق کے زور پر زمین کی ملکیت ان کے نام کرنے کے لیے ایک اسٹیمپ پیپر پر دستخط لیے، جس کے بعد ان کے سر میں گولی ماری۔

ملزمان نے لاشوں کو فارم ہاؤس کے نزدیک قائم ڈیم کے مٹی تلے چھپایا تھا۔

ایس ایچ او عابد منیر کا کہنا تھا کہ تینوں ملزمان کو پشاور اور مانسہرہ سے گرفتار کرکے مقامی عدالت سے ان کا 4 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزمان کا ڈاکٹر افتخار سے دستخط کرایا گیا اسٹیمپ پیپر بھی بر آمد کرلیا ہے، جبکہ دونوں ڈاکٹروں کے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرنے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں