پی ایس ایل اختتامی تقریب،سلمان احمد کے قومی ترانے پر گٹار بجانے پر تنقید

اپ ڈیٹ 18 مارچ 2019
سلمان احمد کے قومی ترانے پر گٹار بجانے پر تنقید کی گئی — فوٹو: ٹوئٹڑ
سلمان احمد کے قومی ترانے پر گٹار بجانے پر تنقید کی گئی — فوٹو: ٹوئٹڑ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن کی اختتامی تقریب میں عوام کی جانب سے تنقید پر گلوکار سلمان احمد نے لائیو کنسرٹ کے لیے مریخ جانے کا مشورہ دے دیا۔

گزشتہ روز پی ایس ایل کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر پہلی بار چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

اس سے قبل ایونٹ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ابرار الحق، آئمہ بیگ اور دیگر فنکاروں نے پرفارم کیا۔

ایشیا کے معروف میوزیکل بینڈ جنون نے بھی پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے میوزیکل بینڈ وائٹل سائنز کے مشہور ملی نغمے 'دل دل پاکستان' پر بھی پرفارمنس دی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے فائنل میں شوبز و اسپورٹس اسٹارز کے جلوے

تاہم اس کے بعد شائقین سلمان احمد کی مزید پرفارمنس پر اس وقت الجھ گئے جب وہ میچ سے قبل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان کھڑے ہو کر قومی ترانے پر بظاہر گٹار بجاتے ہوئے دکھائی دیئے، جبکہ گٹار کی تار بھی نہیں تھی اور نہ ہی اس کی آواز سنائی دے رہی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اکثر صارفین نے سلمان احمد کی جانب سے قومی ترانے کے دوران گٹار بجانے کی اداکاری پر حیرانی کا اظہار کیا کہ اس پرفارمنس کی وجہ کیا تھی۔

صارف نے لکھا کہ ’آپ کو لائیو پرفارم کرنا چاہیے تھا یا نہیں کرنا چاہیے تھا، وائرلیس الیکٹرک گٹار سے کھیلنا انتہائی مایوس کن تھا‘۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’پولیس نے پی ایس ایل کی اختتامی تقریب کے دوران پاکستان کے قومی ترانے پر گٹار بجانے کی اداکاری کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا‘۔

تاہم سلمان احمد نے اپنے دفاع میں مختلف ٹوئٹس کیے، انہوں نے لکھا کہ وہ لوگ جو کرکٹ فائنل میں لائیو کنسرٹ دیکھنا چاہتے ہیں وہ مریخ پر چلے جائیں۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے ارسطو کا قول لکھا کہ ’تنقید سے بچنے کے لیے کچھ نہ کہیں، کچھ نہ کریں، کچھ نہ بنیں‘۔

ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کے جواب میں سلمان احمد نے کہا کہ ’ تمام مائیکس لائیو ہیں، ٹو ٹریک اسٹیریو پر ساؤنڈ مکسنگ کی ضرورت ہوتی ہے اور ایک کرکٹ میچ کے لیے لائیو ملٹی ٹریک کے لیے اتنا وقت اور پیسہ نہیں، شاید مستقبل میں ایسا ہو‘۔

سلمان احمد نے ٹوئٹ میں کہا کہ ہم ورلڈ ٹور پر جارہے ہیں اور نئی گانے ریکارڈ کریں گے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں