غیر ملکی ایئرلائنز جلد پاکستان سے اپنے آپریشن کا آغاز کریں گی، وفاقی وزیر

19 مارچ 2019
6 سے 8 غیر ملکی ایئرلائنز پاکستان سے اپنے آپریشنز کے آغاز میں دلچسپی رکھتی ہیں—فائل فوٹو: کریٹو کامنز
6 سے 8 غیر ملکی ایئرلائنز پاکستان سے اپنے آپریشنز کے آغاز میں دلچسپی رکھتی ہیں—فائل فوٹو: کریٹو کامنز

کراچی: وفاقی وزیر برائے نجکاری اور ہوابازی محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ 6 سے 8 غیر ملکی ایئرلائنز پاکستان سے اپنے آپریشن کے آغاز میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

کراچی ایئرپورٹ پر پودا لگانے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایئرفرانس، نورویجین ایئر اور سعودی ایئرلائن ان کیریئرز میں ہیں جو پاکستان میں اپنا آپریشن شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

اس موقع پرسی اے اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل خاور غیاس اور ایئر کموڈور سید ناصر رضا ہمدانی اور ایئرپورٹ منیجر ظفر اعتماد بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: برٹش ایئرویز کا 10 سال بعد پاکستان میں فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کی وجہ سے غیر ملکی ایئرلائنز پاکستان میں آپریشنز کا آغاز چاہتی ہیں اور اس سلسلے میں ان سے مسلسل بات چیت جاری ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہوابازی کی نئی پالیسی کو وفاقی کابینہ کی منظوری کے لیے بھیج دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'نئی پالیسی کا مقصد سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے آپریٹرز پر لگائے گئے چارجز کو کم کرکے ہوابازی کے شعبے کی پائیدار ترقی اور مسافروں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے آپریٹرز کو مراعات فراہم کرنا ہے'۔

محمد میاں سومرو کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی کے تحت ایئرلائنز کے لیے مختلف مالیاتی چارچز کو کم مناسب کرنا سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مقامی ایئرلائنز کے آغاز کےلیے متاثر کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ہوا بازی کی نئی پالیسی کو حتمی شکل دے دی گئی

اس کے ساتھ ساتھ اس اقدام سے ملک کی اقتصادی ترقی میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔

علاوہ ازیں ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کے صاف اور سبز پاکستان پروگرام کے تحت تمام ایئرپورٹس پر سی اے اے کی ایک ملازم ایک درخت کی مہم جاری ہے۔

بیان کے مطابق صرف کراچی ایئرپورٹ پر موجودہ سال کے دوران مختلف مقامی اسپیسیز اور پھلوں کے ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔


یہ خبر 19 مارچ 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں