برطانیہ میں ہتھوڑا بردار شخص کی 4 مساجد میں توڑ پھوڑ

21 مارچ 2019
تقریباً 5 مساجد کو نقصان پہنچایا گیا—بشکریہ اسلامک سینٹر
تقریباً 5 مساجد کو نقصان پہنچایا گیا—بشکریہ اسلامک سینٹر

برطانیہ میں ہتھوڑا بردار شخص نے چار مساجد کے بیرونی حصے میں توڑ پھوڑ مچادی۔

بی سی سی میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ایک شخص نے ہتھوڑے سے بریچ فلیڈ روڈ پر قائم مسجد کے شیشے توڑ دیئے‘۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کے بعد لندن میں مسجد کے باہر نمازی پر 'ہتھوڑے' سے حملہ

پولیس نے مزید بتایا کہ ’بریچ فلیڈ پر قائم مسجد پر حملہ رات ڈھائی بجے ہوا اور تقریباً 45 منٹ بعد اسی طرح کا دوسرا واقعہ سلیڈ روڈ پر پیش آیا‘۔

ویسٹ میڈلینڈ پولیس کا کہنا تھا کہ ’برمنگھم میں اسٹون اور پیری بار نامی علاقوں میں بھی دو مساجد پر حملے ہو چکے ہیں‘۔

دوسری جانب برمنگھم کونسل آف مسجد کے مطابق ’تقریباً 5 مساجد کو نقصان پہنچایا جا چکا ہے اور ہم سخت حیران ہیں کہ تمام مساجد پر ایک رات میں حملہ ہوا‘۔

مزیدپڑھیں: نیوزی لینڈ دہشت گردی: واقعے میں 6 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق

کونسل کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ ’برمنگھم میں واقع مساجد عبادت گاہ، مقدس اور اطمینان اور امن کا مرکز ہے اور ہم نفرت اور دہشت پر مبنی اقدامات پر بہت حیران ہیں‘۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انسداد دہشت گردی کا یونٹ واقعات کی تحقیقات کررہا ہے تاہم پولیس کی جانب سے مشتبہ افراد کے اعمال کے پیچھے مقاصد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

سیکریٹری داخلہ ساجد جاوید نے بتایا کہ ’ہمیں سخت تشویش اور پریشانی ہے کہ متعدد مساجد پر ایک ہی رات میں حملہ کیا گیا‘۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ: دہشت گرد کی بندوق پر درج عبارات کا مطلب کیا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ ’میں واضح کردوں کہ ہمارے معاشرے میں نفرت آمیز رویہ کی قطعی گنجائش نہیں اور نہ ہی اسے قبول کیا جائے گا‘۔

بروفورڈ اور ہوڈج ہل کے لیبر قونصلر ماجد محمود نے کہا کہ ’حملہ آوار نے ہتھوڑے سے مساجد کے شیشے توڑے‘۔

اسلامک سینٹر کے ترجمان نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص رات ایک بج کر 30 منٹ پر مسجد کے بیرونی حصے کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں