ڈبلیو ڈبلیو ای را ویمن چیمپئن رونڈا رائوسی نے ایک بار پھر کمپنی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

مندے نائٹ را میں رونڈا اور ان کے شوہر ٹریوس برائون نے ڈبلیو ڈبلیو ای کے گارڈز کو نشانہ بنایا تھا جس کے بعد ایک ٹوئیٹ میں رونڈا نے اپنا ردعمل پیش کیا۔

انہوں نے لکھا ' ڈبلیو ڈبلیو ای جب چاہے مجھے نکال سکتی ہے، مگر وہ اس ملازمت میں مجھے کنٹرول نہیں کر سکتی۔ ڈبلیو ڈبلیو ای اجرتی غنڈوں سے مجھے کنٹرول نہیں کر سکتی۔ ڈبلیو ڈبلیو ای جتنا چاہے مجھ پر جرمانہ عائد کر سکتی ہے مگر دولت سے مجھے کنٹرول نہیں کر سکتی'۔

دوسری جانب اپنے یوٹیوب چینل پر ایک نئی ویڈیو میں رونڈا نی کہا کہ انکی گزشتہ ویڈیو نے جس طرح لوگوں اور میڈیا کی توجہ حاصل کی اگر وہ کسی اور ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار نے پوسٹ کی ہوتی تو اسے کمپنی نے نکال باہر کیا ہوتا۔

ان کا کہنا تھا 'میرے خیال میں دوسروں کو فارغ کر دیا جاتا جس سے کمپنی کے دوہرے معیار کا پتا چلتا ہے'۔

اسے قبل اپنے یوٹیوب چینیل میں بھی رونڈا نے ڈبلیو ڈبلیو ای اور اس کے مداحوں کو ہدف بنایا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ وہ اب ڈبلیو ڈبلیو ای میں مزید اداکاری نہیں کریں گی۔

ان کا کہنا تھا 'میں رنگ میں جاﺅں گی اور وہ سب کچھ کروں گی جو میں چاہتی ہوں، کمپنی اس کی جو مرضی وضاحت کرتی رہے مگر مجھے اب کسی کی پروا نہیں۔ میں اعتراف کرتی ہوں کہ میں اس کھیل کا احترام نہیں کررہی جس سے مداح محبت کرتے ہیں'۔

یعنی انہوں نے واضح کیا کہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ اسکرپٹ کے تحت ہوتا ہے اور اس میں اصل کچھ بھی نہیں ہوتا۔

رونڈا کا کہنا تھا 'یہ کھیل بناوٹی ہے، یہ اصل نہیں، حقیقت میں کوئی بھی ریسلر مجھے چھو بھی نہیں سکتی'۔ جس پر ڈبلیو ڈبلیو ای نے رونڈا راﺅسی کو سزا سنانے کا اعلان کیا۔

گزشتہ ہفتے ڈبلیو ڈبلیو ای ڈاٹ کام پر جاری بیان میں اعلان کیا گیا کہ را ویمن چیمپئن پر 'غیر پیشہ وارانہ اقدامات' پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے مگر یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ جرمانہ کتنی مالیت کا ہے۔ رونڈا راؤسی را ویمن چیمپئن ہیں اور ریسل مینیا 35 کے مین ایونٹ میں بیکی لنچ اور شیرولیٹ فلیئر کے خلاف اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں