یونین آف یورپین فٹ بال ایسوسی ایشن (یوئیفا) نے چمپیئنز لیگ کے ایک اہم میچ میں اٹلی کے کلب یوونٹس کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے ہسپانوی کلب ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک کے بعد جشن مناتے ہوئے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر 20 ہزار یورو جرمانہ عائد کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رونالڈو کسی بھی قسم کی پابندی سے بال بال بچ گئے جس کے بعد وہ 10 اپریل کو کوارٹر فائنل میں اجاکس ایمسٹرڈیم کا سامنا کریں گے۔

واضح رہے کہ رونالڈو کو گزشتہ ہفتے یوونٹس کے لیے 3 گول کرنے کے بعد ایٹلیٹکو میڈرڈ کے کوچ ڈیاگو سمیون کی نقل اتارنے پر قواعد کی خلاف ورزی کے الزام کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

رونالڈو نے اس میچ میں ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے کچھ دیر بعد ایٹلیٹکو میڈرڈ کے تماشائیوں کی جانب رخ کرکے ان کے کوچ سیمیون کی نقل اتاری، سمیون نے اس سے قبل کھیلے گئے پہلے میچ میں 0-2 سے کامیابی کے بعد نامناسب انداز میں جش منایا تھا جس کے بعد ان پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

اطالوی کلب نے رونالڈو کی شاندار کارکردگی کے باعث چمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے جہاں اس کا مقابلہ ڈچ کلب اجاکس سے 10 اپریل کو ایمسٹرڈیم اور 16 اپریل کو تورن میں ہوگا۔

خیال رہے کہ ایٹلیٹکو میڈرڈ کے کوچ سمیون پر 20 ہزار یورو جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Kazim Mar 22, 2019 12:32am
Correct and prompt action by board. They should penalise for a discipline