کراچی میں شادی ہال 11بجے بند کرنے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 22 مارچ 2019
فیصلے پر عمل نہ کرنے پر شادی ہال سیل کردیا جائے گا— فائل فوٹو: ڈان
فیصلے پر عمل نہ کرنے پر شادی ہال سیل کردیا جائے گا— فائل فوٹو: ڈان

رات گئے ہونے والی شادیوں سے شہریوں کو ہونے والی مشکلات کو دیکھتے ہوئے شہری انتظامیہ نے کراچی میں شادی ہال 11بجے بند کرنے فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس بات کا فیصلہ کمشنر کراچی افتخار شلوانی کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: شادی ہال مالکان نے ہال بند کرنے کی کال واپس لے لی

اس سے قبل شہر قائد میں ہال بند کرنے کے لیے 12 بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا لیکن عوام الناس کو درپیش مشکلات اور شکایات کو دیکھتے ہوئے شہری انتظامیہ نے وقت میں ایک گھنٹے کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

اس فیصلے کے تحت دو ہفتے بعد کراچی میں ہونے والی تمام تقریبات میں شادی ہال 11 بجے بند کر دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پارکنگ کی سہولت نہ ہونے پر شادی لان بند کرنے کا فیصلہ

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 11بجے شادی ہال بند کرانے کے فیصلے پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ شادی ہال کو سربمہر کردیا جائے گا۔

اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق شہر قائد میں شادی ہال 11 بجے بند کرنے کی مہم کا آغاز دو ہفتے بعد ہوگا۔


یہ خبر 22مارچ 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں