حکومت کا کام کاروبار کے لیے آسان مواقع فراہم کرنا ہے، وزیراعظم ملائیشیا

اپ ڈیٹ 22 مارچ 2019
ملائیشیا میں صنعتوں کے قیام سے غربت کا خاتمہ ہوا — فوٹو: ڈان نیوز
ملائیشیا میں صنعتوں کے قیام سے غربت کا خاتمہ ہوا — فوٹو: ڈان نیوز

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کا کہنا ہے کہ آزادی کے وقت ملائیشیا نے فیصلہ کیا تھا کہ ترقی کی منازل طے کریں گے۔

اسلام آباد میں پاکستان ملائیشیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہاتیر محمد نے کہا کہ بزنس کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کے شکر گزار ہیں،اس طرح کی کانفرنسز ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک کے ساتھ صرف بہتر تعلقات نہیں بلکہ تجارتی اضافہ چاہتے ہیں، تاجروں کے لیے اشتراک کے مواقع پیدا کرنا ضروری ہے۔

مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ آزادی کے وقت ملائیشیا غریب ملک تھا، ملائیشیا میں غربت کاخاتمہ صنعتوں کے قائم ہونے سے ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری سے ملک ترقی کرتے ہیں، ہم نے ملائیشیا میں غیرملکی سرمایہ کاروں کوسرمایہ کاری کےمواقع فراہم کیے۔

مزید پڑھیں: ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کی 3 روزہ دورے پر پاکستان آمد

ملائیشیا کے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار کے لیے آسان مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کے وقت ملائیشیا نے فیصلہ کیا تھا کہ ترقی کی منازل طے کریں گے۔

مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ ہم نے ملائیشیا کہ ترقی کے لیے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا،ہم نے متعدد 5 سالہ منصوبے طے کیے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے کہا کہ ملائیشیا نے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کیے،ہمارے کبھی اسرائیل سےکوئی تعلقات نہیں رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے علاوہ کسی سے دشمنی نہیں،ہم یہودیوں کےخلاف نہیں لیکن اسرائیل کوتسلیم نہیں کرتے۔

مہاتیر محمد نے کہا کہ ملائیشیا کی ترقی کا راز کاروبار کے لیے پرامن اور سازگار ماحول ہے، ہم نے سرمایہ کاروں کو بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملائیشین سرمایہ کارپاکستان میں کارسازی کی صنعت میں اشتراک چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملائیشیا کے ساتھ 90 کروڑ ڈالر کے معاہدوں پر آج دستخط کیے جائیں گے

اس سے قبل اسلام آباد میں پاکستان ملائیشیا سرمایہ کاری سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد کا دورہ پاکستان ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری ڈاکٹر مہاتیر محمد کے قائدانہ کردار کا معترف ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مہاتیر محمد ملائیشیا میں بڑی تبدیلی لائے،ان کی قیادت میں ملائیشیا نے خود کفالت حاصل کی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کی ترقی اسلامی دنیا کے لیے روشن مثال ہے، جن لیڈروں کا ویژن صحیح ہوتا ہے وہ صحیح قدم اٹھاتے ہیں۔

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد اور وزیراعظم عمران خان پاکستان ملائیشیا سرمایہ کاری کانفرنس میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کی ملاقات میں وزارتی سطح پر مضبوط کمیٹی بنانے کافیصلہ کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں