وینا ملک عمران خان کی معترف، بلاول اور مریم نواز پرتنقید

وینا ملک نے بلاول اور مریم کو تنقید کا نشانہ بنایا—فائل فوٹوز فیس بک
وینا ملک نے بلاول اور مریم کو تنقید کا نشانہ بنایا—فائل فوٹوز فیس بک

اداکارہ و ٹی وی میزبان وینا ملک آج کل سوشل میڈیا پر کافی متحرک دکھائی دیتی ہیں اور وہ ملک میں ہونے والے سیاسی و سماجی مسائل سمیت عالمی سطح پر ہونے والے واقعات پر بھی بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ نے پاکستان میں کرپشن اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے کرپشن جیسے ناسور کو ختم کرنے کے بجائے اس کو فروغ دینے پر سیاسی جماعتوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سلسلہ وار ٹوئیٹس کیے۔

وینا ملک نے کرپشن کے خلاف ٹوئیٹس ایک ایسے وقت میں کیے جب کہ 2 دن قبل ہی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لندن کے علاقے پارک لین میں جائداد کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) راولپندی میں پیش ہوئے تھے۔

وینا ملک نے اپنے ٹوئیٹس میں سینیئر سیاستدانوں کے بجائے نوجوان سیاستدانوں بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کو کرپشن کلچر کو فروغ دینے پر آڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ ان کا کردار باعث تکلیف ہے۔

وینا ملک نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا کہ ایک پاکستانی ہونے کے ناطے وہ نوجوان سیاسی لیڈرز بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کی جانب سے کرپشن کے خاتمے کے بجائے اپنے خاندان کو کرپشن سے بچانے کی کوشش پر انہیں تکلیف پہنچتی ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان نوجوان سیاسی لیڈرز کو خاندانی کرپشن کو تحفظ دینے کے بجائے ملک سے کرپشن کلچر کا خاتمہ کرنا چاہیے تھا۔

وینا ملک نے بلاول بھٹو کے کرپشن سے متعلق ایک ٹوئیٹ کے جواب میں لکھا کہ وہ اور ان کی پارٹی لوگوں کو اصل مسائل سے ہٹا رہے ہیں۔

وینا ملک نے دعویٰ کیا کہ بلاول بھٹو اور ان کی پارٹی نے خود پر لگے کرپشن کیسز سے متعلق ثبوت فراہم نہیں کیے۔

یہی نہیں وینا ملک نے ایک اور ٹوئیٹ میں وزیر اعظم عمران خان اور ان کی پارٹی کی تعریف کرتے ہوئے پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی۔

اداکارہ نے لکھا کہ جب لوگ ان کے پاس آکر کہتے ہیں کہ وہ عمران خان سے ان کی سچائی اور لگن کی وجہ سے پیار کرتے ہیں تب ان کا دل بہت خوش ہوتا ہے اور انہیں سکون پہنچتا ہے۔

اسی ٹوئیٹ میں وینا ملک نے لکھا کہ جب وہی لوگ باقی دو سیاسی پارٹیوں سے متعلق بات کرتے ہیں تو انہیں شرمساری ہوتی ہے۔

وینا ملک نے ایک اور ٹوئیٹ میں لکھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کرپٹ، ریپ واقعات میں ملوث اور بد دیانت افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اداکارہ نے کسی کا نام لیے بغیر لکھا کہ وقت آگیا ہے کہ میڈیا سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ طبقے کے طاقتور افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

لوگوں سے عمران خان کی تعریف سن کر اچھا لگتا ہے، اداکارہ—فائل فوٹو: سوشل پاکستان/فیس بک
لوگوں سے عمران خان کی تعریف سن کر اچھا لگتا ہے، اداکارہ—فائل فوٹو: سوشل پاکستان/فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں