23 مارچ: سیاستدان یک آواز، پاکستان زندہ باد

23 مارچ 2019
یوم پاکستان پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا گیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
یوم پاکستان پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا گیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

قرار داد پاکستان کو 79 سال پورے ہونے پر آج پاکستان بھر میں یوم پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں پیغامات آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سلسلے میں جہاں اسلام آباد میں پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا وہیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ پاکستان کی اہم سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی اس دن کی مناسبت سے پیغام دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں بھارت کے مسلمانوں نے پاکستان کی بنیاد رکھی اور بہت سی قربانیاں پاکستان کے وعدے کو یاد دلاتی ہیں۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ ہمیں اس کی روح کی طرح یاد رکھنا چاہیے کیونکہ ہم ایک ’نیا پاکستان‘ تعمیر کر رہے، پاکستان زندہ باد۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ یوم پاکستان اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ ہم نے یہ ملک عظیم مقاصد کے حصول کے لیے حاصل کیا، ہمیں اس منزل تک پہنچنے کے لیے کافی فاصلہ طے کرنا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ہم بانیان وطن کے وژن اور اس مادرن وطن کے حصول کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ اگر ہم اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں تو کوئی ہمیں اپنی منزل پر پہنچنے سے نہیں روک سکتا اور اتحاد، ایمان اور تنظیم کا نعرہ ہی ہماری کامیابی کی کنجی ہے۔

ادھر یوم پاکستان کے موقع پر سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کی سلامتی اور خود مختاری کے لیے ہر قربانی دیں گے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بابائے قوم کے فلسفے پر من و عن عمل کرنے کے عہد کی تجدید کی ضرورت ہے، ہمیں نسلی امتیاز، فرقہ وارانہ تعصب سے نجات حاصل کرنا ہوگی اور طاقت کے ذریعے کمزور طبقات کو کچلنے کی سوچ کو شکست دینا ہوگی۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پیغام دیا۔

23مارچ، پاکستان زندہ باد اور یوم پاکستان کے ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے شاعرانہ انداز میں لکھا کہ ہم تو مٹ جائیں گے اے ارض وطن لیکن تم کو زندہ رہنا ہے قیامت کی سحر ہونے تک۔

دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد دی اور ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آج کے دن پاکستان ریلوے قوم کو بہترین سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی ایک الگ انداز میں ہی یوم پاکستان کی مبارک باد دی۔

ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی تصویر کے ہمراہ انہوں نے لکھا کہ پاکستان نور ہے اور نور کو زوال نہیں، انشااللہ! یوم پاکستان مبارک !

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں