جب’گیم آف تھرونز‘ کا ولن پاکستانی ہوٹل کا ویٹر نظر آیا

روزی خان اداکار پیٹر ڈنکلیج کو بھائی قرار دیتے ہیں—فوٹو: اے ایف پی
روزی خان اداکار پیٹر ڈنکلیج کو بھائی قرار دیتے ہیں—فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی ایک چھوٹے سے ہوٹل میں شہرہ آفاق فنٹیسی پولیٹیکل تھرلر ڈرامہ ’گیم آف تھرونز‘ کے ولن ٹیرن لینسٹر کو ویٹر کے روپ میں دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔

دراصل راولپنڈی کے کشمیری ہوٹل میں ویٹر کا کام کرنے والے گیم آف تھرونز کے بونے ولن ٹیرن لینسٹر نہیں بلکہ صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر مانسرہ میں پیدا ہونے والے 25 سالہ روزی خان ہیں جو بونے ولن کے ہم شکل ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ روزی خان کا قد بھی اتنا ہی ہے جتنا گیم آف تھرونز کے بونے ولن ٹیرن لینسٹر کا ہے جو ڈرامے میں ہیرو کے خلاف سازشیں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ٹیرن لینسٹر کا کردار گیم آف تھرونز کا جاندار اور اہم ترین کردار ہے جو ڈرامے کی پہلی قسط سے ہی اس میں شامل رہا ہے۔

روزی خان ہوٹل کے ویٹر ہیں—فوٹو: اےا یف پی
روزی خان ہوٹل کے ویٹر ہیں—فوٹو: اےا یف پی

اس کردار کو امریکی اداکار 49 سالہ پیٹر ڈنکلیج ادا کرتے ہیں جن کا قد 4 فٹ سے بھی کم ہے۔

تاہم دنیا بھر میں لوگ پیٹر ڈنکلیج کو اپنے کردار ’ٹیرن لینسٹر‘ کے نام سے جانتے ہیں۔

پیٹر ڈنکلیج شادی شدہ ہیں اور انہیں 2 بچے بھی ہیں، وہ اپنی اداکاری پر متعدد ایوارڈز جیت چکے ہیں۔

روزی خان کی شکل پیٹر ڈنکلیج سے ملتی ہے—فوٹو: اے ایف پی/زمبیو
روزی خان کی شکل پیٹر ڈنکلیج سے ملتی ہے—فوٹو: اے ایف پی/زمبیو

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پیٹر ڈنکلیج کی طرح راولپنڈی کے ہوٹل میں ویٹر کا کام کرنے والے 25 سالہ روزی خان کا قد بھی 4 فٹ سے کم ہے اور ان کی شکل امریکی اداکار سے ملتی ہے۔

روزی خان نے گیم آف تھرونز کے کردار اور پیٹر ڈنکلیج کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے پہلے کبھی بھی اس شخص کے بارے میں نہیں سنا تھا، تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے لوگ انہیں ٹیرن لینسٹر کہ کر پکارتے ہیں۔

روزی خان نے کبھی پیٹر ڈنکلیج کو نہیں دیکھا—فوٹو: اے ایف پی
روزی خان نے کبھی پیٹر ڈنکلیج کو نہیں دیکھا—فوٹو: اے ایف پی

روزی خان نے بتایا کہ اگرچہ وہ کبھی بھی امریکی اداکار سے نہیں ملے، تاہم وہ انہیں اپنا بڑا بھائی سمجھتے ہیں، کیوں کہ نہ صرف ان کا قد ان جتنا ہے، بلکہ وہ ان کے ہم شکل بھی ہیں۔

روزی خان نے پیٹر ڈنکلیج کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کا نام سننے کے بعد گیم آف تھرونز میں ان کی اداکاری دیکھی اور انہیں خوشی ہوئی۔

ہوٹل مالک ملک اسلم پرویز نے روزی خان کے حوالے سے بتایا کہ وہ محنتی شخص ہے اور کبھی بھی کام کرنے سے نہیں گھبراتا۔

روزی خان کا قد بھی 4 فٹ سے کم ہے—فوٹو: اے ایف پی
روزی خان کا قد بھی 4 فٹ سے کم ہے—فوٹو: اے ایف پی

ہوٹل مالک کے مطابق روزی خان کی وجہ سے ان کے ہوٹل میں رونق لگی رہتی ہے اور لوگ ان سے باتیں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ملک اسلم پرویز کا کہنا تھا کہ اگر کسی دن روزی خان چھٹی کرلیتا ہے تو گاہک ان سے ان کا دریافت کرتے ہیں اور ان کی کمی کو محسوس کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گیم آف تھرونز کا رواں برس آٹھواں اور آخری سیزن پیش کیا جائے گا۔

روزی خان کی وجہ سے ہوٹل میں رونق رہتی ہے، مالک—فوٹو: اے ایف پی
روزی خان کی وجہ سے ہوٹل میں رونق رہتی ہے، مالک—فوٹو: اے ایف پی

اس ڈرامے نے اب تک 47 ایمی ایوارڈز جیتے ہیں جو کسی بھی ڈرامے کی جانب سے جیتے جانے والے سب سے زیادہ ایوارڈز ہیں۔

اس شہرہ آفاق ڈرامہ سیریل کا آغاز 2011 میں ہوا تھا۔

ڈرامے کے آخری سیزن کی کہانی ’دی ونڈ آف ونٹر’ نامی ناول سے لی گئی ہے، جس میں 2 طاقتور خاندانوں کو سات سلطنتوں پر قبضے کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

پیٹر ڈنکلیج اپنی اہلیہ ایریکا کے ہمراہ—فوٹو: زمبیو
پیٹر ڈنکلیج اپنی اہلیہ ایریکا کے ہمراہ—فوٹو: زمبیو

گیم آف تھرونز کے آٹھویں اور آخری سیزن کی 6 قسطیں نشر کی جائیں گی، جن میں سیریز کے تمام پرانے اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے اور اس سیزن کا پہلا قسط 14 اپریل کو ریلیز کیا جائے گا۔

اس ڈرامے کی کہانی امریکی فنٹیسی ناول ‘اے سانگ آف آئس اینڈ فائر’ سے لی گئی ہے، اس ڈرامے کو ایچ بی او کے لیے ڈیوڈ بینیوف اور ڈی بی ویزز نے بنایا۔

ڈرامے میں امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے اداکاروں نے کردار ادا کیے، جب کہ اس کی شوٹنگ بھی امریکا، یورپ،افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں کی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں